
خلیج اردو
دبئی میونسپلٹی نے امارت میں مشترکہ رہائش کی اجازت والے علاقوں کی فہرست جاری کردی ہے، جس کے تحت دبئی کے 44 سے زائد علاقوں میں رہائشی یونٹس مشترکہ طور پر استعمال کیے جاسکیں گے۔ بعض علاقوں میں یہ سہولت صرف مخصوص حصوں تک محدود ہوگی، جبکہ دیگر علاقوں میں پورے علاقے میں مشترکہ رہائش کی اجازت ہوگی۔
دبئی میونسپلٹی کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق جن علاقوں کے مخصوص حصوں میں مشترکہ رہائش کی اجازت ہوگی، ان میں ابو ہیل، البرحہ، الحمریہ، منخول، الجفیلیہ، الحدیبیہ، السطوہ، پورٹ سعید، ہور العنز ایسٹ، الممزر اور القصیص انڈسٹریل ایریا کے زون ون، ٹو، تھری، فور اور فائیو شامل ہیں۔
جن علاقوں کے تمام حصوں میں مشترکہ رہائش کی اجازت ہوگی، ان میں الراس، الدغاتا، البطین، السبخہ، عیال ناصر، المرر، نائف، الرّقہ، المطینہ، المرقبات، ریقہ البطین، ہور العنز، الوحیدہ، الراشدیہ، النہدہ ون، القصیص، الطوار فائیو، النہدہ ٹو، محیصنہ فور، سوق الکبیر، ام ہریر ون اور ٹو، الرفاع، کرامہ، عود میثا، جمیرا ون، البدع، برشا ون اور الورقہ ون شامل ہیں۔
نئے ضوابط کے تحت مشترکہ رہائش کو دو اقسام، انفرادی رہائش اور خاندانی رہائش، میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر رہائشی یونٹ کو ان میں سے صرف ایک قسم کے لیے مختص کیا جاسکے گا اور ایک ہی یونٹ میں دونوں اقسام کو یکجا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
قواعد کے مطابق ہر فرد کے لیے بیڈ روم میں کم از کم پانچ مربع میٹر جگہ ہونا ضروری ہے۔ رہائشی یونٹس میں مناسب باورچی خانے، باتھ روم، کھانے، تفریح اور کپڑے دھونے کی سہولیات بھی فراہم کرنا ہوں گی۔
میونسپلٹی کے ضوابط کے تحت بنی یاس روڈ، شیخ زاید روڈ، جمیرا روڈ اور الوصل روڈ جیسے سیاحتی اور تجارتی علاقوں میں صرف خاندانی رہائش کی اجازت ہوگی۔ مشترکہ رہائش چلانے کے لیے متعلقہ جائیداد کا باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا بھی لازمی ہوگا۔
موجودہ مشترکہ رہائشی جائیدادوں کے مالکان اور منتظمین کو اپنے انتظامات نئے ضوابط کے مطابق کرنے کے لیے 8 ستمبر 2027 تک مہلت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں 500 سے 5 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔







