
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں دنیا کی مقبول ترین ویڈیو گیمز میں شمار ہونے والی گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی اے 6) بالآخر ریلیز کردی گئی ہے۔ 13 سال کے طویل انتظار اور دو مرتبہ تاخیر کے بعد گیم 19 نومبر کی رات 12 بجے یو اے ای میں کھلاڑیوں کے لیے دستیاب ہوگئی، جس کے بعد گیمنگ کے شوقین افراد نے رات گئے ہی کھیلنا شروع کردیا۔ بعض افراد نے گیم کے آغاز پر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کے لیے دفاتر سے چھٹیاں بھی لے لیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں مقیم کانٹینٹ کریئیٹر رفیع احمد نے بتایا کہ وہ گیم کھیلنے کے لیے کام سے چھٹی لے رہے ہیں اور ان کے کئی دوست بھی ایسا کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض افراد نے کام سے جلد چھٹی لینے کے لیے مختلف بہانے بھی بنائے ہیں۔
گیم کی کہانی وائس سٹی میں ترتیب دی گئی ہے، جو امریکی شہر میامی سے متاثر ایک خیالی شہر ہے۔ اس میں جیسن ڈووال اور لوسیا کامینوس نامی دو کرداروں کی کہانی پیش کی گئی ہے، جو خیالی ریاست لیونیڈا میں جرائم کی دنیا سے جڑے واقعات اور مشنز کا سامنا کرتے ہیں۔ پہلی مرتبہ سیریز کے تھری ڈی اور ایچ ڈی دور میں خاتون کردار لوسیا کو مرکزی کردار کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
پلے اسٹیشن اسٹور پر گیم کے اسٹینڈرڈ ایڈیشن کی قیمت 299.16 درہم جبکہ الٹیمیٹ ایڈیشن کی قیمت 373.96 درہم مقرر کی گئی ہے۔ گیم کا حجم تقریباً 212 گیگا بائٹس بتایا گیا ہے، جسے ڈاؤن لوڈ کرنے میں انٹرنیٹ کی رفتار کے مطابق 45 منٹ یا اس سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
ابتدائی جائزوں میں گیم کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور میٹا کرٹک پر اس کا اسکور 100 میں سے 99 بتایا گیا۔ تاہم بعض پلے اسٹیشن 5 صارفین نے شکایت کی ہے کہ گیم مسلسل 30 فریم فی سیکنڈ کی رفتار برقرار نہیں رکھ پارہی، جبکہ پلے اسٹیشن 5 پرو کے صارفین کی آرا مختلف ہیں۔
راک اسٹار گیمز کی اس سیریز کی اب تک 48 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں، جبکہ جی ٹی اے 5 کی فروخت تقریباً 23 کروڑ 50 لاکھ کاپیاں بتائی جاتی ہے۔ تجزیاتی ادارے اومڈیا کے اندازے کے مطابق جی ٹی اے 6 رواں سال کے اختتام تک 3.2 ارب ڈالر کی فروخت حاصل کرسکتی ہے۔







