متحدہ عرب امارات

دبئی میٹرو سے المکتوم ایئرپورٹ تک سفر 2031 میں ممکن، مرینا سے 30 منٹ اور ڈاؤن ٹاؤن سے 50 منٹ لگنے کا تخمینہ

خلیج اردو
دبئی میٹرو کو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک توسیع دینے کے منصوبے کے تحت 2031 سے مسافر میٹرو کے ذریعے نئے ایئرپورٹ تک پہنچ سکیں گے، دبئی مرینا سے تقریباً 25 سے 30 منٹ، ڈاؤن ٹاؤن سے 40 سے 50 منٹ اور دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ سفر کا تخمینہ ہے۔

دبئی میں میٹرو روٹ 2020 کو ایکسپو سٹی سے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سٹی تک بڑھانے کے لیے 2 ارب درہم کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے، جس کے تحت تقریباً 3 کلومیٹر ٹریک اور دو نئے اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے، سروس 2031 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

خلیج ٹائمز کے تجزیے کے مطابق یہ سفری اوقات اندازوں پر مبنی ہیں، آر ٹی اے نے باضابطہ اوقات جاری نہیں کیے۔ موجودہ میٹرو سفر کے اوقات میں نئی توسیع کے تقریباً 5 سے 8 منٹ شامل کرکے یہ تخمینے مرتب کیے گئے ہیں۔

دبئی مرینا کے صبھا ریئلٹی اسٹیشن سے ایکسپو 2020 اسٹیشن تک موجودہ سفر تقریباً 20 منٹ ہے، جبکہ برج خلیفہ اور دبئی مال اسٹیشن سے تقریباً 35 سے 40 منٹ اور ڈی ایکس بی ٹرمینل 3 سے تقریباً ایک گھنٹہ لگتا ہے۔

نئی توسیع کے بعد مرینا سے المکتوم ایئرپورٹ تک سفر تقریباً 25 سے 30 منٹ، ڈاؤن ٹاؤن سے 40 سے 50 منٹ اور ڈی ایکس بی سے ایک گھنٹے سے کچھ زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

میٹرو کے ذریعے سفر بعض اوقات گاڑی کے مقابلے میں زیادہ سہولت بخش ہوسکتا ہے، خصوصاً رش کے اوقات میں۔ تاہم میٹرو اسٹیشن سے مستقبل کے ایئرپورٹ ٹرمینل تک پیدل فاصلے اور ٹرینوں کی آمدورفت کے حتمی اوقات ابھی سامنے نہیں آئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button