
خلیج اردو
دبئی کی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور نرخ 2026 کے دوران اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ بدھ کی صبح کاروبار کے آغاز پر 24 قیراط سونے کی قیمت میں فی گرام 8 درہم کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 456.25 درہم ہوگئی۔ دبئی جیولری گروپ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سونے کی دیگر اقسام کی قیمتیں بھی کم ہوگئی ہیں۔
تازہ نرخوں کے مطابق 22 قیراط سونا 422.50 درہم، 21 قیراط 405.25 درہم، 18 قیراط 347.25 درہم جبکہ 14 قیراط سونا 271 درہم فی گرام میں فروخت ہورہا ہے۔ دبئی کی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں مسلسل نیچے آرہی ہیں اور اکتوبر کے وسط سے فی گرام قیمت 500 درہم کی سطح سے نیچے برقرار ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ عالمی اسپاٹ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2.08 فیصد کمی کے بعد 3 ہزار 782 ڈالر فی اونس ہوگئی، جبکہ چاندی کی قیمت میں 3.47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ 45.83 ڈالر فی اونس پر آگئی۔
سنچری فنانشل کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر وجے ویلیچا کے مطابق سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ توانائی کی قیمتوں کے باعث مہنگائی مسلسل برقرار رہے گی، جس کے نتیجے میں امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود میں مزید اضافہ کرسکتا ہے۔ ان کے مطابق یہی خدشات سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
سی ایم ای فیڈ واچ ٹول کے مطابق بدھ کے روز سرمایہ کاروں کی جانب سے توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ 9 دسمبر کے آئندہ اجلاس میں شرح سود میں اضافے کا امکان 96.5 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ مارکیٹ میں مارچ 2027 تک شرح سود میں دو سے زیادہ اضافوں کی توقعات بھی ظاہر کی جارہی ہیں۔
وجے ویلیچا کے مطابق منگل کی صبح سونے کی قیمتوں میں معمولی بہتری ضرور دیکھی گئی، تاہم مجموعی رجحان اب بھی کمزوری کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صارفین کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے ماہ توقعات سے زیادہ اضافہ اور فیڈرل ریزرو کے گورنر کرسٹوفر والر کا یہ بیان کہ مہنگائی مزید بڑھی تو وہ شرح سود میں نصف فیصد اضافے کی حمایت کریں گے، مارکیٹ میں سخت مالیاتی پالیسی کے خدشات بڑھانے کا سبب بنے۔
ان کے مطابق شرح سود میں اضافے کی توقعات نے امریکی بانڈز کے منافع اور ڈالر کی قدر کو تقویت دی ہے، جس سے سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا ہے۔ چونکہ سونا سرمایہ کاروں کو سود ادا نہیں کرتا اور اس کی عالمی قیمت ڈالر میں مقرر ہوتی ہے، اس لیے مضبوط ڈالر اور بلند شرح سود عموماً سونے کی طلب اور قیمت کے لیے منفی عوامل سمجھے جاتے ہیں۔







