
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران خاندانی روایات اور افطار کی تقریبات کے انداز میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آرہی ہیں۔ بڑے پیمانے پر افطار دعوتوں کے بجائے اب خاندان چھوٹی اور قریبی محفلوں کو ترجیح دینے لگے ہیں، جبکہ کھانے کی تیاری، خریداری اور دیگر گھریلو ذمہ داریوں میں نوجوان مردوں کی شرکت بھی بڑھ رہی ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق فوڈ ڈیلیوری، تیار شدہ کھانوں اور ڈیجیٹل عطیات کا استعمال بھی رمضان کی بدلتی روایات کا حصہ بنتا جارہا ہے۔
پبلسِس گروپ مڈل ایسٹ اینڈ ترکی کی جانب سے کی گئی تحقیق رمضان از اے ورب کے مطابق متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں رمضان منانے کے طریقوں میں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ اس تحقیق میں دونوں ممالک سے مجموعی طور پر 1200 افراد نے حصہ لیا، جن میں سے 600 کا تعلق متحدہ عرب امارات اور 600 کا سعودی عرب سے تھا۔ تحقیق کے لیے سروے کے علاوہ ڈیجیٹل ڈائریز، تفصیلی انٹرویوز اور 60 گھروں کے دورے بھی کیے گئے۔
تحقیق کے مطابق نوجوان مرد اب افطار کی تیاری میں پہلے سے زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔ 18 سے 26 سال عمر کے تقریباً 49 فیصد مردوں نے بتایا کہ وہ افطار تیار کرنے میں زیادہ حصہ لیتے ہیں۔ اسی طرح دونوں ممالک میں 41 فیصد مردوں نے کہا کہ وہ اب گھر کے لیے اشیائے خورونوش کی خریداری میں زیادہ اعتماد محسوس کرتے ہیں۔ یہ شرح 2022 کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
رمضان میں کھانا تیار کرنے اور افطار کرنے کے انداز میں بھی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 48 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ریسٹورنٹس میں کھانا کھا رہے ہیں، جبکہ سعودی عرب میں یہ شرح 40 فیصد رہی۔ تحقیق کے مطابق فروزن فوڈ، پہلے سے تیار شدہ کھانوں اور فوڈ ڈیلیوری کو بھی اب روایتی افطار دعوتوں میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ قبول کیا جارہا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ ماضی میں خاندانی اور سماجی ذمہ داریوں کے تحت بڑی افطار دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا تھا، تاہم اب بعض خاندان محدود افراد کے ساتھ کھانے، مشترکہ طور پر کھانا لانے اور ریسٹورنٹس میں افطار کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ اس تبدیلی کی ایک وجہ اخراجات اور دعوتوں کی تیاری میں درپیش محنت بھی ہے۔
النہدہ کی رہائشی اور ٹیچر یاسمین سارہ کے مطابق ان کے خاندان میں پہلے ہر رمضان دو سے تین بڑی افطار دعوتیں ہوتی تھیں، جن میں تقریباً 40 سے 50 مہمان شریک ہوتے تھے۔ تاہم گزشتہ دو برس کے دوران ان دعوتوں کا حجم کم ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگلے رمضان میں بھی وہ کم مہمانوں کے ساتھ صرف دو افطار دعوتوں کا اہتمام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، کیونکہ مہمانوں کی تعداد، اخراجات اور کام کی تقسیم جیسے معاملات اہم ہوگئے ہیں۔ ان کے بہن بھائی اپنے آبائی ملک منتقل ہوچکے ہیں، جبکہ ان کا بیٹا اس وقت کینیڈا میں تعلیم حاصل کررہا ہے۔
یاسمین سارہ کے مطابق رمضان کے دوران موسم خوشگوار ہونے کی وجہ سے اب وہ گھروں کے بجائے کھلی جگہوں پر افطار کو بھی ترجیح دیتی ہیں۔ گزشتہ رمضان میں انہوں نے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ ایک پارک میں افطار کا اہتمام کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ بیرونی مقامات پر افطار کی تقریبات نسبتاً آسان ہوتی ہیں اور ڈسپوزایبل برتن استعمال کرنے سے صفائی کا کام بھی کم ہوجاتا ہے۔
ان کے خاندان میں افطار کی تیاری اور دیگر ذمہ داریاں بھی مل کر انجام دی جاتی ہیں۔ ان کے شوہر اور بیٹا خریداری کرتے ہیں، کھانا پکانے میں سب افراد حصہ لیتے ہیں، جبکہ صفائی کی ذمہ داری مرد سنبھالتے ہیں۔ بیرونی افطار تقریبات میں مرد باربی کیو، گوشت بھوننے، سلاد، چاول اور جوس تیار کرنے کے علاوہ پھل کاٹنے میں بھی حصہ لیتے ہیں۔
تحقیق میں رمضان کے دوران مختلف کمیونٹیز کے درمیان بڑھتے ہوئے میل جول کا پہلو بھی سامنے آیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں مقیم غیر ملکی باشندوں میں سے 85 فیصد نے بتایا کہ انہیں کسی مسلمان دوست کی جانب سے افطار کی دعوت دی گئی، جو مختلف ثقافتوں اور کمیونٹیز کے درمیان سماجی روابط کی عکاسی کرتا ہے۔
رمضان المبارک میں خیرات اور عطیات دینے کے طریقوں میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق 10 میں سے 7 افراد کا خیال ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے فلاحی اداروں کے کام میں شفافیت بڑھائی ہے، جبکہ 61 فیصد افراد نے بتایا کہ رمضان کے دوران ایپس کے ذریعے عطیات دینے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ایک خاتون کے مطابق ان کے شوہر اب عطیات دینے کے لیے موبائل ایپس استعمال کرتے ہیں، کیونکہ اس سے عطیہ مراکز تک جانے، ٹریفک میں وقت ضائع کرنے اور دیگر مشکلات سے بچا جاسکتا ہے، جبکہ عطیات کے استعمال سے متعلق معلومات بھی حاصل ہوتی ہیں۔
ٹیکنالوجی کا استعمال مذہبی سرگرمیوں میں بھی بڑھ رہا ہے۔ تحقیق کے مطابق 67 فیصد افراد قرآن پاک پڑھنے کے لیے موبائل ایپس استعمال کرتے ہیں، جبکہ 53 فیصد نماز کے اوقات اور دیگر معلومات کے لیے نماز سے متعلق ایپس کا سہارا لیتے ہیں۔ چھوٹے بچوں کے والدین میں سے 56 فیصد نے بتایا کہ وہ بچوں کو نماز کی تعلیم دینے کے لیے موبائل ایپس اور انٹرایکٹو ٹولز استعمال کرتے ہیں۔
پبلسِس گروپ مڈل ایسٹ اینڈ ترکی کے چیف اسٹریٹجی آفیسر طہاب رئیس کے مطابق تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ رمضان کی روایات کو ترک نہیں کررہے بلکہ انہیں اپنے حالات اور ضروریات کے مطابق نئے انداز میں اپنا رہے ہیں۔ ان کے بقول رمضان کی بنیادی اہمیت، ایمان اور خاندان سے وابستگی برقرار ہے، تاہم لوگ اب اس مقدس مہینے کو منانے کے طریقوں کے بارے میں زیادہ ذاتی فیصلے کررہے ہیں۔







