
دبئی میں آنے والے ہفتوں کے دوران پبلک پارکس اور ساحلوں پر ڈرون فوڈ ڈیلیوری کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو شہریوں کے لیے خریداری کا ایک نیا اور تیز ترین تجربہ ہوگا۔
مئی میں طے پانے والا معاہدہ
رواں سال مئی میں دبئی میونسپلٹی اور کیٹا ڈرون کے درمیان ایک شراکت داری کا معاہدہ طے پایا تھا، جس کا مقصد شہر کے منتخب پبلک پارکس اور ساحلوں پر اس جدید سروس کو مرحلہ وار متعارف کرانا ہے۔
کیٹا ڈرون کے جنرل منیجر جُن وِی یانگ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ اس سروس کا آغاز آنے والے مہینوں یا اس سے بھی پہلے آنے والے ہفتوں میں متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "آنے والے مہینوں میں، میں یہ کہوں گا کہ آنے والے ہفتوں میں بھی۔”
کمپنی نے حال ہی میں دبئی فیوچر ویک کے دوران اپنا جدید ایم ڈرون فور ایل (M-Drone 4L) ماڈل بھی پیش کیا ہے۔ اس نئے ماڈل کو خاص طور پر ولا کمیونٹیز اور کھلے مقامات پر خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ساحلوں پر مخصوص لینڈنگ سائٹس
منصوبے کے مطابق، آرڈرز کی وصولی کے لیے ساحلی علاقوں میں مخصوص لینڈنگ سائٹس قائم کی جائیں گی۔ ابتدائی مرحلے میں اس سروس کا سارا فوکس کھانے اور مشروبات (food and beverage) کی فراہمی پر ہوگا۔ جُن وِی یانگ نے تصدیق کی کہ "ہم کھانے اور مشروبات سے شروعات کرتے ہیں۔”
یہ اقدام روابتی زمینی ڈیلیوری کا متبادل نہیں بلکہ اس کی معاونت کے لیے ہے، اور اس سے دبئی کی گرمیوں کے شدید موسم میں ڈیلیوری رائیڈرز کو بھی بڑی حد تک مدد ملے گی۔
پہلے سے جاری کامیاب تجربہ اور لائسنس
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دبئی سلیکون اویسس کے مخصوص علاقوں میں سلیکون سنٹرل مال سے ڈرون ڈیلیوری کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
کیٹا نے دو سال تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے باضابطہ لائسنس حاصل کیا تھا۔ یہ کمپنی 2021 سے اپنے تجارتی آپریشنز چلا رہی ہے اور اب تک 11 لاکھ سے زائد کمرشل آرڈرز کامیابی سے مکمل کر چکی ہے۔
Source: Khaleej Times







