
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے ساحلوں پر قدرت کا ایک دلکش اور نادر منظر دیکھنے کو مل رہا ہے، جہاں فجیرہ کے العَقہ ساحل اور خورفکان کے ساحلی علاقوں میں سمندر رات کے وقت نیلی روشنی سے جگمگا اٹھا۔ سمندر میں پیدا ہونے والی اس قدرتی روشنی کو بایولومینیسنس یا حیاتیاتی روشنی کہا جاتا ہے، جسے دیکھنے کے لیے شہری رات گئے ساحلوں کا رخ کر رہے ہیں۔
شارجہ میرین سائنس ریسرچ سینٹر، یونیورسٹی آف خورفکان کی جانب سے حاصل کی گئی خوردبینی تصویر میں نوکٹِلوکا سِنٹی لانس (Noctiluca scintillans) نامی جاندار کے خلیوں کو قریب سے دکھایا گیا ہے۔ یہ انتہائی چھوٹا جاندار عام طور پر سی اسپارکل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور اس کے خلیے گول اور نیم شفاف ہوتے ہیں۔
یونیورسٹی آف خورفکان کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سلوانا برچینو کے مطابق نوکٹِلوکا سِنٹی لانس امارات کے ساحلی پانیوں اور خلیج عرب میں وقتاً فوقتاً پایا جاتا ہے۔ جب یہ جاندار بڑی تعداد میں موجود ہوں تو پانی کے رنگ میں تبدیلی آ سکتی ہے اور رات کے وقت نیلی روشنی کی چمک پیدا ہوتی ہے، جو بایولومینیسنس کہلاتی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں اس قدرتی مظہر کی حیرت انگیز جھلکیاں سامنے آئی ہیں۔ دبئی سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر رامی ڈِبو کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساحل پر چلتے ہوئے ان کے ہاتھوں اور پیروں کے ساتھ پانی نیلی روشنی پیدا کررہا ہے، جبکہ قدم رکھنے سے بھی روشنی کی لکیر بنتی دکھائی دیتی ہے۔
رامی ڈبو نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر اس مظہر کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد وہ خصوصی طور پر فجیرہ پہنچے۔ ان کے مطابق کام ختم ہونے کے بعد طویل سفر کرنا ایک مشن جیسا تھا، لیکن وہ اس تجربے کو خود دیکھنا چاہتے تھے۔ ساحل کے قریب پہنچتے ہی لہروں میں نیلی روشنی واضح طور پر نظر آنے لگی، حتیٰ کہ اسے ہاتھوں پر بھی محسوس کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امارات میں کئی سال گزارنے کے باوجود اس سے پہلے ایسا منظر نہیں دیکھا تھا۔
بھارتی شہری ارون اجیت نائر بھی اپنے دوستوں کے ساتھ پیر کی رات تقریباً 3 بجے فجیرہ پہنچے اور ایک گھنٹہ ساحل پر گزارا۔ ان کے مطابق یہ تجربہ انتہائی حیرت انگیز تھا، وہ اس سے پہلے اپنے آبائی علاقے کیرالہ میں بایولومینیسنس دیکھ چکے تھے، تاہم امارات میں یہ ان کا پہلا تجربہ تھا۔
سوشل میڈیا پر امارات کے موسمی حالات پر نظر رکھنے والے محمد سجاد، جو یو اے ای ویدر مین کے نام سے مشہور ہیں، نے کہا کہ اس سال ساحلوں پر بایولومینیسنس کا مظاہرہ ان کے مشاہدے میں آنے والے سب سے شاندار مناظر میں سے ایک ہے۔ ان کے مطابق امارات میں یہ مظہر عموماً اکتوبر اور نومبر جبکہ مارچ سے مئی کے دوران دیکھا جاتا ہے۔
یہ قدرتی روشنی عام طور پر گرم، پرسکون پانی، مکمل تاریکی اور شہری روشنیوں سے دور ساحلی علاقوں میں نمایاں ہوتی ہے۔ محمد سجاد کے مطابق سمندری نقشوں اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد توقع ہے کہ امارات کے بعض ساحلی علاقوں میں یہ منظر آئندہ تین ہفتے یا اس سے زیادہ عرصے تک بھی دکھائی دے سکتا ہے، تاہم اس کا انحصار مقامی موسمی اور سمندری حالات پر ہوگا۔







