
خلیج اردو
دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 میں جمعے کی صبح دو سال سے 78 سال تک عمر کے سیکڑوں افراد نے جاگنگ کرکے صحت مند طرز زندگی اور شمولیت کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔
یہ سرگرمی Dubai Mallathon کے دوسرے ایڈیشن کا حصہ تھی جس کا آغاز 15 جون کو ہوا تھا اور یہ سلسلہ 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔
اس سال مالیتھون کو صرف ایک ماہ کے بجائے تین ماہ تک جاری رکھا گیا ہے اور دبئی کے 6 مالز میں شہریوں کے لیے یہ سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔
ٹرمینل 3 میں ہونے والی یہ پہلی مالیتھون تھی جبکہ آئندہ بھی دبئی ایئرپورٹ پر مزید سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ تاہم ایئرپورٹ کی یہ سرگرمی صرف مدعو افراد کے لیے مخصوص تھی۔
مالیتھون میں یو اے ای کے وزیرِ اقتصادیات و سیاحت عبداللہ بن طوق المری کے علاوہ اعلیٰ حکام، سرکاری ملازمین، خصوصی افراد، بزرگ شہری، طلبہ اور کھیلوں میں شمولیت کو فروغ دینے والی غیر منافع بخش تنظیم Team Angel Wolf کے ارکان نے بھی شرکت کی۔
60 سالہ فائزہ بھی اس سرگرمی میں شریک ہوئیں جو اس موسم گرما میں کئی مالیتھون سیشنز کا حصہ بن چکی ہیں۔ وہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سینئر سٹیزنز گروپ کے ساتھ ہفتہ وار مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں۔
فائزہ کے گروپ میں 75 اور 78 سال کی خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دبئی ہلز مال میں ہر ہفتے مالیتھون کے لیے جمع ہوتی ہیں اور ایک ساتھ متحرک رہنا انہیں صحت مند رہنے میں مدد دیتا ہے۔
اس ایونٹ میں سب سے کم عمر شرکا میں دو سالہ ریانش بھی شامل تھا جو اپنے والد لو کمار کے ساتھ آیا۔ ریانش نے صبح 6 بجے اٹھ کر ایونٹ میں شرکت کی اور دیگر شرکا کے ساتھ ہائی فائیو بھی کی۔
بھارتی شہری سٹیلبن اپنے بیٹے ایڈن کے ہمراہ البرشا ساؤتھ سے 30 کلومیٹر سے زائد سفر کرکے ایونٹ میں پہنچیں۔ ایڈن کے مطابق انہوں نے ٹریک کے تقریباً تین چکر مکمل کیے اور صبح جلدی اٹھ کر سرگرمی میں حصہ لینا انہیں بہت پسند آیا۔
جمیرا کے Senses Residential Home سے 10 طلبہ بھی اس سرگرمی میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے جسمانی سرگرمی کے ساتھ دیگر شرکا سے سماجی میل جول کا لطف اٹھایا۔
منتظمین کے مطابق مالیتھون کا مقصد صرف دوڑ اور ورزش نہیں بلکہ مختلف عمر، صلاحیتوں اور پس منظر رکھنے والے افراد کو ایک ساتھ صحت مند سرگرمی میں شامل کرنا بھی ہے۔







