Uncategorizedمتحدہ عرب امارات

چیئرمین نیب سینیٹ کمیٹی میں پیش، اختیارات کم ہونے کا شکوہ، ساڑھے 3 سال میں 10 کھرب 69 ارب روپے سے زائد ریکوری کا انکشاف

خلیج اردو
سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کی ہدایات پر چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ پیش ہوئے۔

چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے چیئرمین نیب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ شاید پہلی مرتبہ کمیٹی میں آئے ہیں۔

چیئرمین نیب نذیر احمد بٹ نے جواب دیا کہ بطور چیئرمین نیب پہلی مرتبہ کمیٹی میں آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو ذمہ داری پہلے انجام دے رہا تھا اس حیثیت سے معلوم نہیں کتنی مرتبہ کمیٹی میں آچکا ہوں۔ مجھے یہ ذمہ داری 2023 میں سونپی گئی۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ جو بھی وزیر ملا سب نے یہی کہا کہ ہماری بیوروکریسی ڈرتی ہے اور کام نہیں کرتی۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ آپ نے میری پاور کم کردی ہے، ایک پولیس ایس ایچ او کے پاس زیادہ پاور ہے جبکہ میرے ڈی جی کے پاس کم پاور ہے۔

اجلاس کے دوران ڈی جی آپریشنز نیب نے قائمہ کمیٹی کو ادارے کے اختیارات اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔

ڈی جی آپریشنز نے بتایا کہ قانون کے تحت نیب کو مختلف اختیارات دیے گئے ہیں اور قیام سے اب تک نیب کو 5 لاکھ 5 ہزار 799 شکایات موصول ہوچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیب اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت تحقیقاتی ادارے کی حیثیت سے بھی کام کر رہا ہے۔

ڈی جی آپریشنز کے مطابق نیب نے اب تک 12 ہزار 147 انکوائریاں مکمل کیں جبکہ 7 ہزار 339 تحقیقات مکمل کی گئیں اور 4 ہزار 105 ریفرنسز دائر کیے گئے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ گزشتہ ساڑھے 3 برس کے دوران نیب کو مجموعی طور پر 22 ارب 55 کروڑ 60 لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا۔

ڈی جی آپریشنز نیب نے مزید بتایا کہ اسی عرصے کے دوران نیب کی جانب سے 10 کھرب 69 ارب 38 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button