متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی اتصالات کے قیام کو 50 سال مکمل، کمپنی نے بانی برانڈ نام دوبارہ اختیار کرلیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی اتصالات کے قیام کو 50 سال مکمل، کمپنی نے بانی برانڈ نام دوبارہ اختیار کرلیا

متحدہ عرب امارات کی پہلی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اتصالات نے اپنی خدمات کے 50 سال مکمل ہونے پر بانی برانڈ نام دوبارہ اختیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ کمپنی نے چار سال قبل اپنا نام تبدیل کرکے ای اینڈ رکھا تھا، تاہم اب مستقبل کا سفر دوبارہ اتصالات کے نام سے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ابوظبی سیکیورٹیز ایکسچینج میں جاری اعلان کے مطابق اتصالات نام کمپنی کی تاریخ، حکمت عملی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں مستقبل کے عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی حکمت عملی لوگوں کو باہم جوڑنے، کاروبار کو سہولت فراہم کرنے اور ایسے بنیادی ڈھانچے کی تیاری پر مبنی ہے جو جدید اور ذہین نظاموں کے لیے ضروری ہے۔

کمپنی نے اپنی 50 سالہ تاریخ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس کا سفر صحرا میں پہلی ٹیلی فون لائنز بچھانے سے شروع ہوا، جس کے بعد خطے کا پہلا موبائل نیٹ ورک قائم کیا گیا۔ کمپنی نے متحدہ عرب امارات میں انٹرنیٹ متعارف کرانے اور ملک کو دنیا کے سب سے زیادہ فائبر سے منسلک ممالک میں شامل کرنے میں بھی کردار ادا کیا۔

اتصالات نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ صارفین کو دیتے ہوئے کہا کہ اس کی داستان صرف نیٹ ورکس کی نہیں بلکہ ان لوگوں کی ہے جنہوں نے ان نیٹ ورکس کو اپنے لیے استعمال کیا۔ کمپنی کے مطابق صارفین نے ان سہولیات کے ذریعے اپنے گھر والوں سے رابطہ رکھا، کاروبار قائم کیے، تعلیم حاصل کی، کام کیا، ادائیگیاں کیں اور تفریحی مواد شیئر کیا۔

کمپنی نے کہا کہ وبا اور بارشوں و سیلاب جیسے مشکل حالات کے دوران بھی مواصلاتی سہولیات نے لوگوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھا۔ اتصالات نے اپنے 50 سالہ سفر کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے نیٹ ورک بنایا، جبکہ صارفین نے اسے حقیقی معنوں میں مقصد اور اہمیت دی۔

اتصالات نے اپنی سالگرہ کے موقع پر صارفین کے لیے مختلف پروموشنز بھی متعارف کرائی ہیں۔

کمپنی کا قیام 1976 میں متحدہ عرب امارات کے قیام کے صرف پانچ سال بعد ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر عمل میں آیا تھا۔ اتصالات نے 1982 میں مشرق وسطیٰ کا پہلا موبائل نیٹ ورک شروع کیا، 1994 میں جی ایس ایم سروسز متعارف کرائیں، 1995 میں متحدہ عرب امارات میں انٹرنیٹ سروس کا آغاز کیا جبکہ 2003 میں تھری جی اور ایم ایم ایس سروسز فراہم کیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button