
خلیج اردو
مجھے لگا میں خواب دیکھ رہی ہوں‘، فلپائنی خاتون نے 2 کروڑ درہم بگ ٹکٹ جیت لیے، رقم 22 افراد میں تقسیم ہوگی
متحدہ عرب امارات میں مقیم فلپائنی خاتون برنیڈیٹا ازوسینا نے بگ ٹکٹ کی قرعہ اندازی میں 20 ملین درہم کا انعام جیت لیا، تاہم یہ خطیر رقم صرف ایک فرد کو نہیں ملے گی بلکہ ان کے 22 رشتہ داروں اور دوستوں کے گروپ میں تقسیم ہوگی۔
عجمان میں مقیم 42 سالہ برنیڈیٹا ازوسینا اس وقت فلپائن میں موجود ہیں جہاں وہ ایک حادثے کے بعد بازو کی سرجری اور صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہی ہیں۔ وہ 30 ستمبر کو علاج کے لیے فلپائن واپس گئی تھیں۔ سڑک پر پیش آنے والے حادثے میں دائیں بازو کی ہڈی متاثر ہونے کے باعث انہیں کام کرنے اور لکھنے میں دشواری کا سامنا تھا، جبکہ متحدہ عرب امارات میں ان کی دیکھ بھال کے لیے بھی کوئی موجود نہیں تھا۔
برنیڈیٹا 2016 سے متحدہ عرب امارات میں کام کررہی تھیں اور حال ہی میں سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں، تاہم ان کا ملازمت کا معاہدہ ختم ہوچکا تھا۔
بگ ٹکٹ کی فاتح ٹکٹ 22 رشتہ داروں اور دوستوں کے اس گروپ نے خریدی تھی جو 2017 سے مشترکہ طور پر قرعہ اندازی میں حصہ لے رہا ہے۔ گروپ کے ارکان باری باری ٹکٹ منتخب کرتے ہیں اور اس مرتبہ جیتنے والی ٹکٹ برنیڈیٹا کے نام پر نکلی، تاہم 20 ملین درہم کی انعامی رقم تمام 22 ارکان میں تقسیم ہوگی۔
برنیڈیٹا نے بتایا کہ جب جیت کی اطلاع دینے کے لیے فون آیا تو وہ فلپائن میں گہری نیند سورہی تھیں۔ فلپائن میں اس وقت رات کے ایک بج رہے تھے۔ شوہر نے ویڈیو کال کرکے جیت کی خبر دی تو انہیں یقین نہیں آیا اور انہیں لگا کہ شاید وہ خواب دیکھ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شوہر سے خبر سننے کے بعد بھی وہ الجھن کا شکار رہیں اور تصدیق کے لیے ویڈیو دکھانے کو کہا۔ بعد میں جب بگ ٹکٹ انتظامیہ نے ان سے رابطہ کیا تو وہ اتنی حیران اور جذباتی تھیں کہ ابتدا میں گروپ کے ارکان کی تعداد بھی 10 سے 12 بتادی، تاہم بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ گروپ میں مجموعی طور پر 22 افراد شامل ہیں۔
برنیڈیٹا کے مطابق اس کامیابی سے گروپ کے تمام ارکان کو اپنے قرضے ادا کرنے، بچوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے اور مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر رکن کی اپنی مشکلات اور ذمہ داریاں ہیں، اس لیے انعام کی رقم ہر خاندان کے لیے مختلف اہمیت رکھتی ہے۔
برنیڈیٹا نے بتایا کہ وہ اپنی حصے کی رقم سے گھر کا قرض ادا کریں گی، جس کی ادائیگی میں مزید 9 سال باقی ہیں، جبکہ گاڑی کا قرض بھی ختم کریں گی۔ اس کے علاوہ وہ اپنی بیٹی کے مستقبل کے لیے رقم محفوظ کرنا چاہتی ہیں۔
سرجری کے لیے فلپائن جانے کے باوجود برنیڈیٹا نے متحدہ عرب امارات واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ان کے مطابق صحت یاب ہونے کے بعد وہ دوبارہ متحدہ عرب امارات آئیں گی کیونکہ ان کے شوہر اب بھی وہیں کام کررہے ہیں۔
برنیڈیٹا نے بتایا کہ اس بار گروپ نے بگ ٹکٹ کی 2+4 پروموشن میں حصہ لیا تھا، جس کے تحت 22 میں سے چھ ارکان نے نمبرز منتخب کیے اور جیتنے والا نمبر انہی چھ میں سے ایک رکن نے منتخب کیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 20 ملین درہم جیتنے کے باوجود گروپ نے بگ ٹکٹ میں شرکت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برنیڈیٹا کے مطابق انہوں نے ایسے افراد کے بارے میں خبریں دیکھی تھیں جنہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ انعام جیتا، اسی لیے گروپ نے بھی دوبارہ کوشش جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
برنیڈیٹا نے بتایا کہ وہ پہلے بھی مختلف قرعہ اندازیوں میں چھوٹے انعامات جیت چکی ہیں، جن میں سونے کا سکہ، 250 درہم کا کوپن، 500 درہم، اور 10 ہزار درہم کا نقد انعام شامل ہے، تاہم 20 ملین درہم کا موجودہ انعام ان کی زندگی کا سب سے بڑا انعام ہے، جو ان کے بقول 22 افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔







