متحدہ عرب امارات

دبئی اور شارجہ کے درمیان ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کیلئے اتحاد روڈ پر 8 نئے پل بنانے کا منصوبہ، سفر 3 منٹ تک محدود ہوگا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے دبئی اور شارجہ کو ملانے والی اہم شاہراہ اتحاد روڈ (ای 11) پر النہدہ انٹرچینج کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ اعلان کردیا، جس کے تحت 8 نئے پل تعمیر کیے جائیں گے اور ٹریفک کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد اہم راستوں پر سفر کا دورانیہ 15 منٹ سے کم ہوکر صرف 3 منٹ رہ جانے کی توقع ہے۔

منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 4 کلومیٹر طویل 8 نئے پل تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ علاقے میں 4.5 کلومیٹر سروس روڈز بھی بنائی جائیں گی۔ ان ترقیاتی اقدامات سے اتحاد روڈ پر روزانہ گاڑیوں کی گنجائش ایک لاکھ سے بڑھ کر ایک لاکھ 90 ہزار ہوجائے گی، جو تقریباً 90 فیصد اضافہ ہے۔

النہدہ انٹرچینج کی ٹریفک گنجائش بھی روزانہ ایک لاکھ 88 ہزار گاڑیوں سے بڑھا کر 3 لاکھ 10 ہزار گاڑیوں تک کرنے کا منصوبہ ہے، جس سے تقریباً 65 فیصد اضافہ ہوگا۔ وزارت کے مطابق منصوبے سے علاقے میں ٹریفک کی روانی میں 79 فیصد بہتری متوقع ہے اور اہم راستوں پر سفر کا وقت 15 منٹ سے کم کرکے 3 منٹ تک لایا جائے گا۔

وزارت توانائی و انفراسٹرکچر کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد دبئی اور شارجہ کے درمیان ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، سڑکوں پر حفاظت کے معیار میں اضافہ، انٹرچینج کی کارکردگی بہتر کرنا اور پائیدار ترقی کے اہداف میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

اتحاد روڈ کی ترقی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کا یہ پہلا مرحلہ ہے۔ اس مرحلے کیلئے ٹینڈر نمبر 2026-025، کیٹیگری اے کے تحت بولیاں طلب کرلی گئی ہیں۔ وزارت نے زیادہ ٹریفک والی ہائی کیپیسٹی شاہراہوں کے منصوبوں پر متعلقہ جغرافیائی علاقے میں تجربہ رکھنے والے ٹھیکیداروں کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔

اس سے قبل ستمبر میں دبئی کے القیادہ انٹرچینج پر اتحاد روڈ سے ایک نئی لین متعارف کرائی گئی تھی، جس سے ابو ہیل اور صلاح الدین اسٹریٹس کی جانب جانے والی ٹریفک کو سہولت ملی۔ دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق اس اقدام سے رش کے اوقات میں انٹرچینج پر انتظار کے وقت میں 15 فیصد تک کمی متوقع تھی۔ اتھارٹی نے ابو ہیل اسٹریٹ کے ساتھ نئی پارکنگ کی جگہیں بھی فراہم کی تھیں۔

متحدہ عرب امارات میں ہر سال سڑکوں، پلوں، ڈیموں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اپ گریڈیشن کیلئے اربوں درہم خرچ کیے جاتے ہیں، جبکہ دبئی اور شارجہ کے درمیان ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنا بھی انفراسٹرکچر منصوبوں کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button