
خلیج اردو
ابوظبی میں شیخ زاید فیسٹیول 2026-2027 میں شرکت کرنے والے شہریوں اور سیاحوں کیلئے مفت بس سروس، مخصوص روٹس، اوقات کار، پارکنگ اور ٹریفک انتظامات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد فیسٹیول تک آمدورفت آسان بنانے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سڑکوں پر حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
شیخ زاید فیسٹیول کی اعلیٰ انتظامی کمیٹی نے ابوظبی کے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر (ابوظبی موبلٹی) کے تعاون سے زائرین کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیات اور ٹریفک انتظامات کا اعلان کیا ہے۔ فیسٹیول کے دوران شہر کے تین اہم مقامات سے الواثب میں فیسٹیول کے مقام تک مفت بسیں چلائی جائیں گی۔
مفت بس سروس ابوظبی مین بس اسٹیشن سے روانہ ہوگی، ال اتحاد اسٹریٹ پر ربدان مال سے گزرے گی اور بنی یاس کورٹ کے سامنے والے علاقے سے ہوتے ہوئے فیسٹیول پہنچے گی۔ بسیں ہر 30 منٹ بعد چلیں گی، جبکہ رش کے اوقات میں بسوں کے درمیان وقفہ کم کرکے 20 منٹ کر دیا جائے گا۔
اتوار سے جمعرات تک فیسٹیول کیلئے بسیں سہ پہر 3 بجے سے رات 11 بجے تک روانہ ہوں گی، جبکہ واپسی کی سروس شام 4 بج کر 30 منٹ سے رات 12 بج کر 30 منٹ تک دستیاب ہوگی۔ جمعہ، ہفتہ اور سرکاری تعطیلات کے دوران فیسٹیول کیلئے بس سروس رات 12 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ واپسی کیلئے بسیں رات 1 بج کر 30 منٹ تک چلیں گی۔
فیسٹیول آنے والے افراد کیلئے ٹیکسی سروس بھی دستیاب ہوگی۔ متعلقہ اداروں اور روڈ سروس پٹرول کے تعاون سے ٹریفک کنٹرول کے اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ فیسٹیول کے اطراف ٹریفک کی روانی، سڑکوں پر حفاظت اور مقام تک آسان رسائی یقینی بنائی جاسکے۔ انتظامی کمیٹی کی جانب سے گاڑیوں کیلئے پارکنگ اور ویلیٹ پارکنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
زائرین بس روٹس اور اوقات کار کی معلومات شیخ زاید فیسٹیول کی آفیشل ویب سائٹ، ابوظبی موبلٹی کی ویب سائٹ، دربی ایپ اور گوگل میپس کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں۔ شہری محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کے سروس سپورٹ سینٹر کے ٹول فری نمبر 800850 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
شیخ زاید فیسٹیول الواثب ساؤتھ میں 30 اکتوبر کو شروع ہوچکا ہے اور 13 مارچ تک جاری رہے گا۔ فیسٹیول میں مختلف ثقافتوں کی نمائش، لائیو پرفارمنسز، تفریحی سرگرمیوں اور نئی دلچسپ پیشکشوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، جبکہ داخلے کا ٹکٹ 10 درہم مقرر کیا گیا ہے۔
عید الاتحاد کی تعطیلات کے دوران فیسٹیول میں تین روزہ خصوصی پروگرام بھی منعقد ہوگا، جس میں اماراتی ثقافتی ورثے سے متعلق پرفارمنسز، بین الاقوامی شوز، انعامی قرعہ اندازی اور خاندانوں کیلئے مختلف تفریحی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔







