
خلیج اردو
اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ اصغر پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پراسیکیوٹر کے مطابق بچی کے جسم پر 20 زخم تھے اور اسے استری سے جلانے سمیت مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی استری ملزمہ افشاں سے جبکہ ڈنڈا ملزم قاری علی سے برآمد ہوا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے واقعے کی ویڈیوز پیش کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید تین روز کی توسیع کردی گئی۔
مقدمے کی کارروائی کے دوران تشدد کے الزامات اور مبینہ استعمال ہونے والے آلات کی برآمدگی سے متعلق تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ عدالت نے کیس میں مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو پولیس کی تحویل میں رکھنے کی اجازت دے دی۔







