متحدہ عرب امارات

بھارتی خفیہ ایجنسی کے مبینہ ٹارگٹ کلر کو امریکی عدالت سے 19 سال سے زائد قید

خلیج اردو
امریکی سرزمین پر قتل کی سازش کے مقدمے میں بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال 5 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی، جس کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسیوں سے متعلق امریکی عدالتی کارروائی ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز بن گئی۔

امریکی استغاثہ کے مطابق نکھل گپتا نے نیویارک میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کی تھی۔ امریکی حکام کا الزام تھا کہ اس منصوبے میں بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کی ہدایات بھی شامل تھیں۔ امریکی خفیہ اہلکاروں نے مبینہ سازش کو ناکام بنا دیا تھا۔

نکھل گپتا نے رواں سال فروری میں معاوضے کے عوض قتل، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش سمیت تین وفاقی الزامات میں جرم کا اعتراف کیا تھا۔

امریکی استغاثہ نے عدالت سے 24 سال 5 ماہ قید کی سزا دینے کی درخواست کی تھی، جبکہ دفاعی وکلا نے 12 سال قید کی استدعا کی۔ عدالت نے دونوں جانب کے دلائل اور مقدمے کے ریکارڈ کی بنیاد پر نکھل گپتا کو 19 سال 5 ماہ قید کی سزا سنائی۔

عدالتی کارروائی کے دوران گرپتونت سنگھ پنوں بھی موجود تھے۔ یہ مقدمہ امریکہ میں ایک ایسے الزام کی عدالتی کارروائی ہے جس میں بھارتی سرکاری اہلکار کی مبینہ مداخلت کا معاملہ بھی سامنے آیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button