
خلیج اردو
دبئی پولیس نے الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز پر خطرناک کرتب دکھانے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے صرف ایک ہفتے میں 1903 الیکٹرک اسکوٹرز ضبط کرلیے۔ پولیس کے مطابق خاص طور پر نوجوانوں کی جانب سے عوامی مقامات پر ایک پہیے پر اسکوٹر چلانے، تیز رفتاری اور خطرناک اسٹنٹس کرنے کے واقعات سامنے آنے کے بعد کارروائی تیز کی گئی ہے۔
دبئی کے علاقے جمیرہ میں واقع کائٹ بیچ پر ایک ہفتے کے دوران سب سے زیادہ 1194 الیکٹرک بائیکس اور اسکوٹرز ضبط کیے گئے۔ دبئی پولیس کے محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان کے مطابق اس علاقے میں نوجوانوں کی جانب سے خطرناک حرکات کے متعدد واقعات دیکھے گئے، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بعض افراد کو اسکوٹر کا اگلا پہیہ اٹھا کر صرف ایک پہیے پر چلاتے اور خطرناک کرتب دکھاتے دیکھا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اس طرح کے کرتب کے دوران سوار افراد اپنا توازن اور گاڑی پر کنٹرول کھو سکتے ہیں، جس سے گرنے اور پیدل چلنے والوں سے ٹکرانے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ خاص طور پر ساحلی تفریحی مقامات پر یہ سرگرمیاں زیادہ خطرناک ہیں جہاں خاندان، بچے اور دیگر شہری بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔
بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان نے کہا کہ اس طرح کی حرکات کو تفریح یا مہارت کا مظاہرہ قرار نہیں دیا جاسکتا بلکہ یہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات ہیں جن کے انتہائی افسوسناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔
دبئی پولیس نے واضح کیا ہے کہ خطرناک انداز میں الیکٹرک اسکوٹرز چلانے والوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ خلاف ورزیوں والے مقامات پر اضافی ٹریفک پٹرولنگ اور نفاذ قانون کی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، جبکہ ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں بار بار ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پولیس نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور انہیں الیکٹرک اسکوٹرز کے محفوظ استعمال کی تربیت دیں۔ نوجوانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف مخصوص سواری کے راستے استعمال کریں، ہیلمٹ سمیت حفاظتی سامان پہنیں اور رش والے ساحلی و تفریحی مقامات پر اسکوٹر چلانے سے گریز کریں۔
حکام نے مزید کہا کہ اسکوٹر چلاتے ہوئے غیر ضروری تیز رفتاری سے گریز کیا جائے، کسی دوسرے شخص کو اپنے ساتھ نہ بٹھایا جائے اور ایسے کرتب نہ دکھائے جائیں جن سے گاڑی پر کنٹرول ختم ہونے کا خدشہ ہو۔
دبئی پولیس نے عوام سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ خطرناک کرتب دکھانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں کیونکہ اس سے دوسرے نوجوان بھی متاثر ہوکر ایسی سرگرمیوں کی نقل کرسکتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خلاف ورزیوں کی اطلاع دبئی پولیس کی موبائل ایپ میں موجود پولیس آئی سروس یا 901 پر کال کرکے دیں۔
بریگیڈیئر جمعہ سالم بن سویدان کے مطابق اس طرح کے واقعات سے دبئی کے ایک محفوظ اور ذمہ دار شہر کے تشخص پر بھی منفی تاثر پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چند افراد کی انفرادی حرکتیں ہیں جو قوانین کو نظر انداز کرتے ہیں اور انہیں پوری کمیونٹی کے رویے کا عکاس نہیں سمجھنا چاہیے۔







