
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات سے ایک مطلوب بھارتی شہری کو 20 نومبر کو ڈی پورٹ کرکے بھارت منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسے شادی کا جھانسہ دے کر خواتین کو جسمانی اور مالی استحصال کا نشانہ بنانے کے الزامات کا سامنا ہے۔ بھارتی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے مطابق ملزم محمد مازن کو بھارتی اور بین الاقوامی حکام کی درخواست پر متحدہ عرب امارات میں گرفتار کرنے کے بعد قانونی کارروائی مکمل کرکے بھارت کے حوالے کیا گیا۔
بھارتی ریاست مہاراشٹر پولیس کو مطلوب ملزم پر الزام ہے کہ وہ خواتین کو شادی کا جھوٹا وعدہ کرکے اپنے جال میں پھنساتا، ان کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کرتا اور بعد ازاں ان کی نجی لمحات کی ویڈیوز ریکارڈ کرکے انہیں مالی طور پر بھی استحصال کا نشانہ بناتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے ایک خاتون کو شادی کا یقین دلا کر اس کے ساتھ جسمانی تعلقات قائم کیے اور بعد ازاں مبینہ طور پر اس کا جسمانی، ذہنی اور مالی استحصال کیا۔ اس پر دھوکہ دہی کے ذریعے خاتون سے 18 لاکھ بھارتی روپے حاصل کرنے کا بھی الزام ہے۔ اس مقدمے میں پولیس کی جانب سے عدالت میں چالان بھی جمع کرایا جاچکا ہے۔
سی بی آئی کے مطابق مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے مبینہ طور پر اسی نوعیت کے جرائم میں 13 دیگر خواتین کو بھی نشانہ بنایا۔ ان خواتین کو بھی شادی اور تعلقات کے حوالے سے جھانسہ دینے کے بعد ان کے ساتھ نجی لمحات کی ویڈیوز ریکارڈ کرنے اور رقم حاصل کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 14 خواتین اس کے مبینہ جرائم سے متاثر ہوئیں۔
بھارتی حکام کی درخواست پر سی بی آئی کے تحت کام کرنے والے نیشنل سینٹرل بیورو نئی دہلی نے انٹرپول کے ذریعے ملزم کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کروایا، جس کے بعد اس کی بین الاقوامی سطح پر تلاش شروع کی گئی۔
حکام کے مطابق ملزم کی جغرافیائی موجودگی کا سراغ لگانے کے بعد متحدہ عرب امارات کے متعلقہ اداروں نے اسے گرفتار کرلیا۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اماراتی حکام نے اسے بھارت ڈی پورٹ کرنے کی منظوری دے دی۔
بعد ازاں مہاراشٹر پولیس کی ایک خصوصی ٹیم ملزم کو اپنی تحویل میں لینے کے لیے متحدہ عرب امارات پہنچی، جہاں اسے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی پولیس کی ٹیم ملزم کے ہمراہ کوچین انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے بھارت منتقل کردیا گیا۔







