
خلیج اردو
بحرین کے پولیس افسر میجر علی خمیس عبدالرسول نے فرض کی ادائیگی کے دوران سات گولیاں لگنے کے نتیجے میں ہمیشہ کیلئے بینائی کھو دی، تاہم جسمانی معذوری بھی ان کے حوصلے اور پیشہ ورانہ زندگی میں رکاوٹ نہ بن سکی۔ دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2026 میں انہیں غیر معمولی عزم اور خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
میجر علی بحرین کی وزارت داخلہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں ورلڈ پولیس سمٹ کے دوران افرادِ خصوصی کیلئے ایکسیلینس ایوارڈ دیا گیا۔ اس سال ایوارڈز کیلئے 60 سے زائد ممالک سے 700 سے زیادہ نامزدگیاں موصول ہوئیں۔
ورلڈ پولیس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے میجر علی نے بتایا کہ وہ ڈیوٹی کے دوران ایک علاقے میں داخل ہوئے ہی تھے کہ اچانک ایک شخص باہر نکلا اور ان پر فائرنگ شروع کردی۔ انہیں پہلی اور دوسری گولی لگنے کا واقعہ یاد ہے، تاہم اس کے بعد ان کی بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی۔
انہوں نے اپنے تجربے کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اچانک ہر طرف اندھیرا چھا گیا اور انہیں کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ اس لمحے انہیں محسوس ہوا کہ شاید ان کی زندگی ختم ہونے والی ہے، جس پر انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دوسری زندگی دینے کی دعا کی۔ انہیں اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ وہ باقی زندگی بینائی کے بغیر گزاریں گے۔
میجر علی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کہانی کے ذریعے جسمانی معذوری کا سامنا کرنے والے دیگر افراد کیلئے مثال قائم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مقصد خصوصاً ایسے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو دوران ڈیوٹی زخمی ہوکر معذوری کا شکار ہوجاتے ہیں، تاہم وہ ان افراد کو بھی پیغام دینا چاہتے ہیں جنہیں کام کے علاوہ کسی حادثے کے نتیجے میں معذوری کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ جسمانی معذوری کسی شخص کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی اور مشکل وقت کسی بھی فرد کی پیشہ ورانہ زندگی کا صرف ایک مرحلہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق معذوری کے بعد بھی پولیس کے شعبے میں خدمات جاری رکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع موجود ہیں۔
ورلڈ پولیس سمٹ کے موقع پر دبئی پولیس کی پیپل آف ڈیٹرمنیشن ایمپاورمنٹ کونسل نے میجر علی اور بحرین کی وزارت داخلہ کے وفد کا استقبال بھی کیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کی پولیس فورسز کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا اور جسمانی معذوری کے حامل افراد کو پولیس کے شعبے میں شامل کرنے کے تجربات کا تبادلہ کرنا تھا۔
وفد کا استقبال کونسل کی قائم مقام چیئرپرسن فاطمہ بوحجیر، قائم مقام ڈپٹی چیئرمین محمد الحجاجی اور کونسل کے دیگر ارکان نے کیا۔ بحرینی وفد کو دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اور انٹرنیشنل کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ کے امور سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فاطمہ بوحجیر نے میجر علی کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔ ان کے مطابق دبئی پولیس انسانی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری اور ایسا ماحول فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے جہاں ہر فرد کو آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے۔
محمد الحجاجی کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کا مقصد صرف انہیں مواقع فراہم کرنا نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھانا بھی ہے۔ دونوں فریقین نے پولیس کے شعبے میں خصوصی افراد کی شمولیت اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے نئے اقدامات پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ورلڈ پولیس سمٹ 16 سے 19 نومبر تک دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں 150 سے زائد نمائش کنندگان اور اسپانسرز جبکہ 220 سے زیادہ مقررین اور ماہرین نے شرکت کی۔ سمٹ میں دنیا بھر کی پولیس فورسز کو درپیش چیلنجز سے متعلق 14 اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس عالمی اجتماع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، حکومتی نمائندوں اور ٹیکنالوجی ماہرین نے سکیورٹی کے نئے خطرات سے نمٹنے اور تجربات کے تبادلے پر بھی گفتگو کی۔







