
خلیج اردو
شارجہ پولیس نے ایک ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جس نے ٹریفک کیمروں سے نمبر پلیٹ چھپانے کے لیے اس پر کیچڑ لگا دیا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈرائیور نے نمبر پلیٹ کے نمبرز چھپانے کے ساتھ ساتھ ٹرک کو ان علاقوں میں چلانے کی کوشش کی جہاں بھاری گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔
حکام نے جدید ٹریفک مانیٹرنگ سسٹم کی مدد سے ڈرائیور کا سراغ لگایا۔ اس نظام میں نگرانی کے کیمرے، مانیٹرنگ سسٹمز اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی شامل ہے۔ سسٹم نے گاڑی کی نقل و حرکت کو ٹریک کیا، جس کے بعد خصوصی ٹیموں نے تلاش اور فیلڈ کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
شارجہ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ یا اس پر درج معلومات چھپانے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے والے نظام سے بچنے کی کوششوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
پولیس نے بالخصوص ہیوی وہیکل ڈرائیورز پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ راستوں، اوقات اور لینز کی پابندی کریں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔ حکام کے مطابق اس سے ٹریفک خلاف ورزیوں اور حادثات میں کمی، سڑکوں پر حفاظت بہتر بنانے اور تمام شہریوں کے تحفظ میں مدد ملتی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے وفاقی ٹریفک قانون کے آرٹیکل 34 کے تحت نمبر پلیٹ کے ڈیٹا کو مسخ، مٹانا یا تبدیل کرنا سنگین جرم ہے۔ اس جرم پر کم از کم 20 ہزار درہم جرمانہ اور قید یا ان میں سے کوئی ایک سزا ہوسکتی ہے۔
قانون کے تحت جعلی یا نقلی نمبر پلیٹ بنانا یا استعمال کرنا، نمبر پلیٹ کی معلومات کو مٹانا یا تبدیل کرنا، ایسی نمبر پلیٹ کسی دوسرے شخص کو استعمال کرنے دینا، بغیر منظوری نمبر پلیٹ کو ایک گاڑی سے دوسری گاڑی میں منتقل کرنا اور قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نمبر پلیٹ نصب کرنا بھی قابلِ سزا جرائم ہیں۔







