
خلیج اردو
شیخ احمد بن راشد آل مکتوم کو 22 ستمبر کو دبئی کے ام ہریر قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
دبئی کی زعبیل مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے کچھ ہی دیر بعد شیخ احمد کی میت ایمبولینس کے ذریعے ام ہریر قبرستان منتقل کی گئی۔
شیخ حمدان بن محمد، شیخ مکتوم بن محمد، احمد بن محمد، احمد بن سعید اور منصور بن محمد سمیت اہم شخصیات نے شیخ احمد کی میت کو قبرستان تک پہنچایا۔
شیخ حمدان اور شیخ مکتوم سمیت شاہی خاندان کے افراد نے تدفین کی رسومات میں شرکت کی، جبکہ شہری بھی غم اور سوگ کے اظہار کے لیے قبرستان میں موجود تھے۔ تدفین کی رسومات مکمل ہونے کے بعد قبرستان میں مختصر دعا بھی کی گئی۔
شیخ احمد، مرحوم شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کے چوتھے اور سب سے چھوٹے صاحبزادے تھے۔ شیخ راشد بن سعید آل مکتوم دبئی کے سابق نائب صدر اور حکمران اور دبئی کے بانی تھے۔ شیخ احمد نے دبئی پولیس اور پبلک سروسز کے ڈپٹی چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور الوصل اسپورٹس کلب کے صدر بھی رہے۔
دبئی میں سرکاری طور پر 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ امارت بھر میں پرچم سرنگوں رہیں گے۔
تعزیت تین روز تک وصول کی جائے گی۔ منگل کو شام 4 بجے سے مغرب کی نماز تک، جبکہ بدھ اور جمعرات کو صبح 10 بجے سے ظہر کی نماز تک اور عصر کی نماز کے بعد مغرب تک تعزیت وصول کی جائے گی۔







