
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی (CMA) نے 10 ملین ڈالر سے زائد کی ادائیگیوں میں تاخیر اور عدم ادائیگی کے تنازع کے بعد ‘اے آئی ایکس فنانشل کنسلٹیشنز’ (AIX Financial Consultations) کی کاروباری سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق دبئی میں قائم بین الاقوامی انویسٹمنٹ ایڈوائزری فرم ‘اے آئی ایکس انویسٹمنٹ گروپ’ نے اپنے ہزاروں سرمایہ کاروں کو کی جانے والی ادائیگیاں معطل کر دی تھیں، جن سے پہلے 30 فیصد تک سالانہ منافع کا وعدہ کیا گیا تھا۔
سرمایہ کاری کے اس بحران پر اپنا موقف دیتے ہوئے کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے واضح کیا کہ اسے اے آئی ایکس فنانشل کنسلٹیشنز کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات موصول ہوئی ہیں اور اپنے ریگولیٹری اختیارات و قانونی طریقہ کار کے تحت اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ مکمل، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے رازداری کے سخت اصولوں پر عمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی تصدیق شدہ پیش رفت سے صرف سرکاری ذرائع کے ذریعے ہی آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جہاں اے آئی ایکس فنانشل کنسلٹیشنز سی ایم اے سے رجسٹرڈ ہے، وہیں دوسری جانب کیمین آئی لینڈز میں قائم اس کی الحاق شدہ فرم ‘اے آئی ایکس سیکیور ایس پی وی’ نے انکشاف کیا تھا کہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال اور جیو پولیٹیکل حالات کے باعث ان کی متعدد پروڈکٹس اور انویسٹمنٹ سائیکلز کی قدر متاثر ہوئی ہے۔







