
خلیج اردو
ریاض: سعودی عرب کے مشرقی صوبے اور دمام میں ہونے والے حملوں کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ دیگر متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ریاض میں قائم بھارتی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اس واقعے میں اپنے ایک شہری کی ہلاکت اور دو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی (Gaca) کے مطابق بدھ کی شام دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک بھارتی رہائشی اور ایک سعودی شہری جاں بحق ہوئے۔ اس کے علاوہ حملے میں ایک سعودی، ایک نیپالی اور بھارت، یمن و بنگلہ دیش کے دو دو شہریوں سمیت مجموعی طور پر 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں معمولی سے لے کر شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حملے سے ایئرپورٹ کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کا اندازہ لگایا جا رہا ہے، تاہم ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں۔
بھارتی سفارت خانے نے اپنے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کرنے اور مکمل تفصیلات جمع کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ حکام کے مطابق پڑوسی ملک یمن میں ایران کے حامی حوثی گروپ کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کے بعد سے سعودی عرب پر حملوں میں شدت آئی ہے۔






