
خلیج اردو
آبنائے ہرمز میں ایرانی فورسز کی جانب سے دھمکی دیے جانے کے بعد ایک آئل ٹینکر نے اپنا راستہ تبدیل کرتے ہوئے واپسی اختیار کرلی۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او کے مطابق ایران کی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک ٹینکر کو ریڈیو پیغام کے ذریعے روکا اور اسے واپس مڑنے کی ہدایت کی۔ ایرانی فورسز نے واضح کیا کہ ہدایت پر عمل نہ کرنے کی صورت میں جہاز کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
یو کے ایم ٹی او نے بتایا کہ ٹینکر کے کپتان نے ایرانی فورسز کی ہدایت پر عمل کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ میری ٹائم ایجنسی کے مطابق ایران اس سے قبل بھی ایسے بحری جہازوں کو نشانہ بناتا رہا ہے جن پر اس کی جانب سے بغیر اجازت آبنائے ہرمز سے گزرنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب امریکا کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں کے گرد جوابی ناکہ بندی برقرار ہے، جس کے باعث آبنائے ہرمز میں تجارتی اور بحری نقل و حرکت سے متعلق کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔







