
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے ہیوی گاڑیوں اور ٹرک ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کی 11 خلاف ورزیوں اور ان پر عائد جرمانوں سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ ان خلاف ورزیوں پر 500 سے 3 ہزار درہم تک جرمانہ، بلیک پوائنٹس، ڈرائیونگ لائسنس کی معطلی اور گاڑی ضبط کرنے جیسی سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ حکام نے یہ تنبیہ فجیرہ میں پیش آنے والے ایک بڑے ٹریفک حادثے کے چند روز بعد جاری کی ہے، جس میں 14 افراد جاں بحق اور تقریباً 30 زخمی ہوگئے تھے۔ حادثے میں 23 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی تھیں، جبکہ متعدد گاڑیوں اور ٹرکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔
فجیرہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 10 اماراتی اور 4 بھارتی شہری شامل تھے۔ زخمیوں میں 8 اماراتی، 2 اردنی، 7 بھارتی، 2 پاکستانی، 3 مصری، 6 عمانی اور 2 برازیلی شہری شامل تھے۔ حکام کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید روڈ ای 66 پر فجیرہ کی جانب جانے والے راستے میں یکے بعد دیگرے دو حادثات پیش آئے۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ جائے حادثہ پر دائیں جانب کی لین مرمتی کام کے باعث بند تھی۔
پہلے حادثے میں ایک گاڑی سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، جبکہ دوسرے حادثے میں دو شپنگ کنٹینرز لے جانے والا ٹرک متعدد گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا۔ حادثے میں ملوث ٹرک ڈرائیور سے تفتیش کے بعد پبلک پراسیکیوشن نے اسے اسپتال میں زیر علاج رہنے کے دوران جوڈیشل ریمانڈ پر رکھنے کا حکم دیا۔ وزارت داخلہ نے اس موقع پر زور دیا کہ جانی نقصان سے بچنے اور تمام شہریوں کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزارت داخلہ نے وزارتی قرارداد نمبر 178 سال 2017 کے تحت ہیوی گاڑیوں سے متعلق 11 خلاف ورزیوں اور ان کی سزاؤں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ ان میں حادثے کے نتیجے میں گاڑی الٹنے کا سبب بننے پر 3 ہزار درہم جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس ایک سال کے لیے معطل کرنے کی سزا شامل ہے۔ مقررہ لین کی پابندی نہ کرنے پر 1500 درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس، جبکہ خطرناک انداز میں سامان لوڈ کرنے یا سڑک کو نقصان پہنچانے پر 2 ہزار درہم جرمانہ اور 6 بلیک پوائنٹس عائد ہوں گے۔
ہیوی گاڑیوں کے لیے ممنوعہ سڑکوں اور علاقوں میں داخل ہونے پر ایک ہزار درہم جرمانہ اور 4 بلیک پوائنٹس ہوں گے۔ ٹرک سے سامان گرنے یا سڑک پر پھیلنے کی صورت میں 3 ہزار درہم جرمانہ اور 12 بلیک پوائنٹس عائد کیے جائیں گے۔ ٹرکوں اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے پچھلے حصے پر ریفلیکٹو اسٹیکرز نصب نہ کرنے پر 500 درہم جرمانہ ہوگا، جبکہ متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی کے اجازت نامے کے بغیر صنعتی و تعمیراتی گاڑیاں، ٹریکٹر یا مشینری چلانے پر 1500 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
غیر معیاری یا سڑک پر چلانے کے قابل نہ ہونے والے ٹائروں کے ساتھ گاڑی چلانے پر 500 درہم جرمانہ، 4 بلیک پوائنٹس اور 7 روز کے لیے گاڑی ضبط کرنے کی سزا مقرر ہے۔ ٹرک پر لادے گئے سامان کو ڈھانپنے میں ناکامی پر 3 ہزار درہم، مقررہ مقامات پر سامان لوڈ اور ان لوڈ کرنے کے قواعد کی خلاف ورزی پر ایک ہزار درہم جرمانہ اور 4 بلیک پوائنٹس ہوں گے۔ ممنوعہ مقامات پر اوورٹیکنگ کرنے پر 3 ہزار درہم جرمانے کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس ایک سال کے لیے معطل کیا جا سکتا ہے۔
دبئی میں بھی ٹرکوں کی نقل و حرکت اور پارکنگ کو منظم بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ دسمبر 2025 میں روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مرکزی شاہراہوں پر غیر قانونی پارکنگ کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں اور آپریٹرز کے لیے 2 لاکھ درہم تک جرمانے متعارف کرائے تھے۔ یہ فیصلہ بڑے پیمانے پر معائنہ مہم کے بعد کیا گیا تھا۔
یکم اکتوبر سے دبئی پولیس اور روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے امارات کی مختلف شاہراہوں پر ٹرکوں کی نقل و حرکت کے لیے نئی پابندیاں بھی نافذ کیں، تاہم ایمریٹس روڈ کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا۔ بعض سڑکوں پر ٹرکوں کی آمدورفت پر 24 گھنٹے پابندی ہے، جن میں القُدرا اسٹریٹ، المیدان اسٹریٹ، تمام کراسنگز اور ایئرپورٹ ٹنل شامل ہیں۔
شیخ زاید روڈ، بیروت اسٹریٹ اور رہائشی علاقوں المزہر، محیصنہ اور العود المتینہ میں روزانہ 16 گھنٹے، صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ٹرکوں کی نقل و حرکت محدود ہے۔ جبکہ ایئرپورٹ اسٹریٹ، عمان اسٹریٹ اور دمشق اسٹریٹ پر ٹرکوں کے لیے تین اوقات میں پابندی عائد ہے، جن میں صبح ساڑھے 6 سے ساڑھے 8 بجے، دوپہر ایک سے 3 بجے اور شام ساڑھے 5 سے رات 8 بجے تک کا وقت شامل ہے۔







