
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں قومی دن عید الاتحاد کے موقع پر نجی شعبے کے ملازمین کے لیے دو روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزارت انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے مطابق نجی شعبے کے ملازمین 2 اور 3 دسمبر کو چھٹی کریں گے۔ اس سے قبل جمعہ 13 نومبر کو حکام نے سرکاری شعبے کے ملازمین کے لیے بھی تین روزہ تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
متحدہ عرب امارات کے رہائشی 4 دسمبر بروز جمعہ سالانہ چھٹی لے کر ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ پانچ روزہ طویل چھٹی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس طرح ملازمین کو مسلسل پانچ دن آرام اور تفریح کا موقع مل سکتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں قومی دن کی تقریبات کو عید الاتحاد کہا جاتا ہے، جو ہر سال 2 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن 1971 میں ساتوں امارات کے اتحاد اور ایک متحدہ ریاست کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ عید الاتحاد کا لفظی مطلب اتحاد کا جشن ہے۔ یہ کوئی نیا نام نہیں بلکہ بانی رہنماؤں کی جانب سے اس دن کے لیے استعمال کیے جانے والے اصل عربی نام کی بحالی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں 2025 میں منظور ہونے والے قانون کے تحت بعض سرکاری تعطیلات کو ہفتے کے آغاز یا اختتام پر منتقل کیا جا سکتا ہے، تاکہ ہفتہ وار چھٹیوں کے ساتھ طویل وقفہ دیا جا سکے۔ گزشتہ سال پہلی مرتبہ عید الاتحاد کی تعطیلات منتقل کی گئی تھیں۔ ابتدا میں 2 اور 3 دسمبر کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم بعد میں انہیں یکم اور 2 دسمبر کر دیا گیا، جس سے ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ رہائشیوں کو چار روزہ وقفہ ملا تھا۔
اس سال عید الاتحاد کی تقریبات میں خاندانوں، مختلف نسلوں اور کمیونٹیز کے کردار کو نمایاں کیا جائے گا، جنہوں نے گزشتہ 55 برس کے دوران متحدہ عرب امارات کی ترقی میں حصہ لیا۔ تقریبات میں مشترکہ اقدار، روایات اور تجربات کو اجاگر کیا جائے گا جو ساتوں امارات کے شہریوں اور رہائشیوں کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے رواں سال کو خاندان کا سال قرار دیا تھا، جس کا مقصد خاندانی یکجہتی اور مضبوط خاندانی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے اماراتی خاندانوں کی ترقی سے متعلق قومی اہداف کو فروغ دینے کے ساتھ شہریوں اور رہائشیوں میں معاشرتی ہم آہنگی اور اجتماعی شعور کو بھی مضبوط بنانا ہے۔







