
خلیج اردو
دبئی پولیس نے سرمایہ کاری کے نام پر مالی فراڈ کرنے والے گروہ کے ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان ضرورت مند افراد کو رقم کا لالچ دے کر ان کے نام پر بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کھلواتے تھے، جنہیں بعد ازاں دھوکا دہی سے حاصل کی گئی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ دبئی پولیس کے مطابق یہ کارروائی مالی جرائم کے خاتمے، منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف اقدامات اور عوام کو جدید فراڈ سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
تحقیقات کے مطابق گروہ کے ارکان مالی مشکلات کا شکار افراد سے رابطہ کرتے اور انہیں بینک اکاؤنٹ یا ڈیجیٹل والٹ کھلوانے کے عوض رقم دینے کی پیشکش کرتے تھے۔ اکاؤنٹس کھلنے کے بعد ان افراد سے لاگ اِن تفصیلات حاصل کرلی جاتی تھیں، جس کے ذریعے ملزمان کو ان کے اکاؤنٹس تک مکمل رسائی مل جاتی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمان ان اکاؤنٹس کو فراڈ کے ذریعے حاصل کی گئی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال کرتے تھے، جس سے اصل مجرموں اور مالی لین دین میں ملوث افراد کی شناخت مشکل ہو جاتی تھی۔ دبئی پولیس نے خفیہ معلومات جمع کرنے اور گروہ کی سرگرمیوں کی نگرانی کے ذریعے اس کے طریقہ واردات کا پتا لگایا اور ملوث افراد کی نشاندہی کے بعد انہیں گرفتار کرلیا۔
دبئی پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ بینک اکاؤنٹس یا ڈیجیٹل والٹس کسی دوسرے شخص کے استعمال میں نہ دیں۔ پولیس کے مطابق رقم کے عوض اکاؤنٹ کھلوانے یا لاگ اِن تفصیلات دوسروں کو فراہم کرنے والے افراد کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خصوصاً اگر ان کے اکاؤنٹس فراڈ یا منی لانڈرنگ کے لیے استعمال ہوں۔
پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اکاؤنٹ کھلوانے یا بینکنگ معلومات فراہم کرنے کے عوض فوری رقم ملنے کی پیشکش قبول نہ کریں۔ مشکوک پیشکش یا بینکنگ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی اطلاع پولیس آئی سروس، ای کرائم پلیٹ فارم، دبئی پولیس کی ویب سائٹ یا اسمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔ شہری 901 پر کال کرکے بھی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔







