متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی ریاستوں شارجہ اور راس الخیمہ کے ساحل تقریباً تین ہفتوں کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، جس کے بعد خاندانوں، تیراکوں اور تفریح کے لیے آنے والے افراد نے ساحلوں کا رخ کرنا شروع کر دیا

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاستوں شارجہ اور راس الخیمہ کے ساحل تقریباً تین ہفتوں کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیے گئے ہیں، جس کے بعد خاندانوں، تیراکوں اور تفریح کے لیے آنے والے افراد نے ساحلوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ سمندر میں تیل پھیلنے کے واقعے کے بعد بند کیے گئے ساحلوں کی بحالی سے مقامی رہائشیوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ ہوٹلوں اور سیاحتی شعبے سے وابستہ کاروباری اداروں کے مطابق بکنگ اور سیاحوں کی آمد میں بھی بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔

راس الخیمہ کے رہائشی جاسم الحمام کے لیے فلیمنگو بیچ کی دوبارہ بحالی اپنی معمول کی ورزش کی سرگرمیوں کی طرف واپسی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہفتے میں دو سے تین مرتبہ ساحل پر واک اور دوڑ لگانے آتے تھے۔ ساحل بند ہونے کے دوران انہوں نے جم اور کورنیش پر ورزش جاری رکھی، تاہم سمندر کے کنارے ورزش کا تجربہ ان دونوں مقامات سے مختلف ہے۔ ان کے مطابق ساحل کی نرم ریت اور تازہ سمندری ہوا دوڑنے کو مزید خوشگوار بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسم خوشگوار ہونے کے باعث ساحل پر واپسی کا تجربہ خاص طور پر اچھا رہا۔

شارجہ کے علاقے النہدہ کے رہائشی حامد عبدالسلام نے بھی ساحلوں کی دوبارہ بحالی کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شارجہ کے ساحل خاندانوں کے لیے مقبول تفریحی مقامات ہیں، جہاں خصوصاً موسم سرما اور ہفتہ وار تعطیلات کے دوران ہزاروں خاندان بچوں کے ساتھ وقت گزارنے، کھانا کھانے اور سمندر کے کنارے موسم سے لطف اندوز ہونے آتے ہیں۔ ساحلوں کی بندش سے ان کے دوست اور رشتہ دار بھی مایوس تھے کیونکہ موسم سرما میں بیرونی تفریحی سرگرمیوں کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق ساحل دوبارہ کھلنے کے بعد ان کا خاندان اتوار کو تفریحی دورے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور بچے خاص طور پر سمندر کی طرف واپسی کے لیے پُرجوش ہیں۔

دوسری جانب شارجہ میں مقیم مصری خاتون جلیلہ کے لیے راس الخیمہ کے فلیمنگو بیچ کی سیر ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوئی۔ وہ اپنے بیٹے کی حوصلہ افزائی کے لیے راس الخیمہ آئی تھیں، جو ایک کھیلوں کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات کی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہا تھا۔ ان کے مطابق وہ پہلے بھی کام کے سلسلے میں راس الخیمہ آچکی ہیں، تاہم پہلی مرتبہ وہاں کے ساحلوں پر جانے کا موقع ملا۔ انہوں نے صاف پانی، نرم ریت اور خوشگوار موسم کو متاثر کن قرار دیا۔

جلیلہ نے بتایا کہ ساحلوں کی بندش کے باعث ان کے خاندان کو خدشہ تھا کہ کھیلوں کا مقابلہ بھی منسوخ ہو سکتا ہے، تاہم ساحلوں کی جلد بحالی پر انہیں خوشگوار حیرت ہوئی۔ ان کے مطابق مقابلے میں 10 سے زائد قومی ٹیموں کے کھلاڑی شریک تھے اور انتظامات بھی قابل تعریف تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بچے سمندر سے بہت محبت کرتے ہیں اور ساحل دیکھ کر بے حد خوش ہوئے، اسی لیے وہ اب کم از کم مہینے میں ایک مرتبہ خاندان کے ساتھ دوبارہ یہاں آنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button