
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے اے آئی آفس نے سوشل میڈیا پر ایک سرکاری ویب سائٹ کو جعلی قرار دینے سے متعلق گردش کرنے والے دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ویب سائٹ مستند ہے اور ایک سرکاری ادارے کی ملکیت ہے۔
اے آئی آفس نے عوام پر زور دیا ہے کہ کسی بھی معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور درست معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔ ادارے نے اپنے سرکاری انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی اس معاملے سے متعلق وضاحت جاری کی اور ان صارفین کی پوسٹس دوبارہ شیئر کیں جنہوں نے مبینہ جعلی ویب سائٹ سے متعلق دعوے پھیلائے تھے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب شہریوں کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا، جس میں انہیں 29 اکتوبر کو یو اے ای کوڈز ڈے کے سلسلے میں یو اے ای وائِب کوڈز نامی اقدام میں شرکت کے لیے ویب سائٹ وزٹ کرنے کی دعوت دی گئی تھی۔ سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اس ویب سائٹ کو جعلی قرار دیا تھا۔
اس سال یو اے ای کوڈز ڈے کا موضوع وائِب کوڈنگ رکھا گیا، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کی مدد سے بغیر کسی سابقہ پروگرامنگ تجربے کے چند منٹوں میں ویب سائٹس اور ڈیجیٹل ایپلی کیشنز تیار کرنے کی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔
اے آئی آفس کی وضاحت کے بعد متعدد صارفین نے بھی ان دعوؤں کی تردید کی۔ ایک صارف نے ویب سائٹ پر لاگ اِن ہونے کے بعد بتایا کہ وہاں 10 منٹ کا کوڈنگ کورس مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اے آئی آفس نے کورس مکمل کرنے والے شہریوں کے سرٹیفکیٹس کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔







