متحدہ عرب امارات

یورپ میں 12 مسافر طیاروں کو بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں پر ہنگامی اقدامات کیے گئے

خلیج اردو
یورپ میں 12 مسافر طیاروں کو بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد مختلف ممالک کے ہوائی اڈوں پر ہنگامی اقدامات کیے گئے، متعدد پروازوں کا رخ تبدیل جبکہ بعض کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ یہ واقعات 5 نومبر کو پیش آئے، اس سے دو روز قبل بھی یورپ کی تقریباً 10 پروازوں کو بم دھماکوں کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

فرانس میں ڈبلن سے روم جانے والے ایئربس اے 320 طیارے کو بم کی اطلاع ملنے پر شمالی فرانس کے ایوروکس ایئربیس کی جانب موڑ دیا گیا۔ طیارے میں 151 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے، جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا، جبکہ بم ڈسپوزل ٹیموں نے طیارے کی تلاشی شروع کردی۔ فرانسیسی فضائیہ نے دھمکی ملتے ہی جنگی طیارے بھی روانہ کردیے تھے۔

فن لینڈ کی فضائی کمپنی فن ایئر کی ہیلسنکی سے روم جانے والی پرواز کو بھی بم کی دھمکی موصول ہوئی، تاہم اطالوی فضائیہ کی نگرانی میں طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ ہیلسنکی سے ویانا جانے والی ایک اور پرواز بھی دھمکی کے باوجود معمول کے مطابق لینڈ کرگئی۔

پولینڈ کی فضائی کمپنی لاٹ کی وارسا سے برسلز جانے والی پرواز بھی مشکوک اطلاع کے بعد بحفاظت اتار لی گئی۔ بلغاریہ میں کوپن ہیگن، میڈرڈ اور لندن سے آنے والی تین پروازوں کو بم کی دھمکیوں کے بعد صوفیہ اور پلوودیف کے ہوائی اڈوں پر اتارا گیا۔

چیک پولیس کے مطابق پراگ جانے والے چار طیاروں کو بھی بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، تاہم تلاشی کے دوران کسی طیارے سے دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ دو روز قبل پیش آنے والے واقعات میں بھی کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button