سپورٹس

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی فٹبال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔

خلیج اردو
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی فٹبال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ 41 سالہ اسٹار فٹبالر نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر جذباتی پیغام میں کہا کہ نومبر کے انٹرنیشنل بریک کے بعد وہ پرتگال کی قومی ٹیم کی ساتویں نمبر کی جرسی آئندہ نسل کے حوالے کردیں گے۔

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اگست 2003 میں شروع ہونے والا سفر ان کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل گیا، اب اس سفر کو اختتام تک پہنچانے کا وقت آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا کیونکہ بعض فیصلے صرف دماغ سے نہیں بلکہ دل سے بھی کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 سال تک قومی ٹیم کی جرسی پہننا، اس کا دفاع کرنا اور دنیا بھر کے اسٹیڈیمز میں پرتگال کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز اور ذمہ داری تھی۔

رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے 234 میچز کھیلے اور 146 گول اسکور کیے۔ وہ بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے اور گول کرنے کا عالمی ریکارڈ رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں پرتگال نے 2016 میں پہلی مرتبہ یورو کپ جیتا، جبکہ 2019 اور 2025 میں نیشنز لیگ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔

پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو نے اپنے پیغام میں مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے کسی گول نے لوگوں کو خوشی دی، کسی پریشانی کو بھلایا یا اپنے ملک پر فخر محسوس کرنے کا موقع دیا تو ان کے لیے یہ سب کچھ قابل قدر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پرتگال ہمیشہ ان کا حصہ رہے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button