متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے فجیرہ میں جمعرات کو پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت اور شہریت کی تصدیق کر دی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے فجیرہ میں جمعرات کو پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت اور شہریت کی تصدیق کر دی ہے۔ وزارت داخلہ نے ہفتے کی صبح جاری بیان میں بتایا کہ 23 گاڑیوں کے تصادم میں مجموعی طور پر 14 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 10 اماراتی اور 4 بھارتی شہری شامل ہیں۔ حادثے میں 30 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق زخمیوں میں 8 اماراتی، 2 اردنی، 7 بھارتی، 2 پاکستانی، 3 مصری، 6 عمانی اور 2 برازیلی شہری شامل ہیں۔ حکام نے تمام ڈرائیوروں سے اپیل کی ہے کہ وہ دوران ڈرائیونگ احتیاط برتیں اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کریں۔

اس سے قبل اماراتی حکام نے حادثے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شیخ خلیفہ بن زاید روڈ ای 66 پر فجیرہ کی جانب جانے والے راستے میں یکے بعد دیگرے دو بڑے حادثات پیش آئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثات اس مقام پر ہوئے جہاں سڑک کی مرمت کے باعث دائیں جانب کی لین بند تھی۔

پہلے حادثے میں ایک گاڑی سڑک پر کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی، جبکہ دوسرے حادثے میں دو شپنگ کنٹینرز لے جانے والا ٹرک متعدد گاڑیوں سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا۔ دونوں حادثات کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

وزارت داخلہ نے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ مقررہ رفتار کی پابندی کریں، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھیں اور اچانک ٹریفک کی رفتار کم ہونے یا گاڑیوں کی قطار رکنے کی صورت میں محتاط رہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ سڑکوں پر حفاظت تمام افراد کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ہی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

وزارت داخلہ اور پبلک پراسیکیوشن کی مشترکہ تفصیلات کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے خصوصی یونٹس، ایمبولینس سروسز، سول ڈیفنس اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

وفاقی پبلک پراسیکیوشن نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے اور ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تکنیکی معائنے، فرانزک لیبارٹری ٹیسٹ اور جاں بحق افراد کی شناخت سے متعلق قانونی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button