
خلیج اردو
فجیرہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ جمعے کی نماز کے بعد متحدہ عرب امارات کی مختلف مساجد میں ادا کی گئی۔ رضاکاروں کے زیرانتظام سوشل میڈیا اور عوامی اعلانات کی سروس جنازہ یو اے ای نے نماز جنازہ کے اوقات اور مقامات کی تفصیلات جاری کیں۔ ادارے نے حادثے کو دل دہلا دینے والا سانحہ قرار دیتے ہوئے زندگی کی ناپائیداری کی یاد دہانی بھی کرائی۔
جمعرات کی صبح فجیرہ کی سرحد کے قریب پیش آنے والے دو ٹریفک حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے تھے۔ حکام کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق پہلا حادثہ ایک گاڑی کے سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا، جبکہ دوسرے حادثے میں دو کنٹینرز سے لدے ٹرک نے متعدد گاڑیوں کو ٹکر ماری اور الٹ گیا۔ یہ واقعہ اس مقام پر پیش آیا جہاں مرمت کے کام کے باعث دائیں لین بند تھی۔
خورفکان میں ایک ماں اور اس کی دو بیٹیوں کی نماز جنازہ جمعے کی نماز کے بعد عمر بن خطاب مسجد میں ادا کی گئی، جس کے بعد تدفین الغرب قبرستان میں ہوئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں والدہ مریم عبدالرحمان الحمادی اور ان کی بیٹیاں احلام سیف النقبی اور آمنہ سیف النقبی شامل تھیں۔
شارجہ میں دو نوجوان دوستوں خلفان سعید محمد المزروعی اور محمد راشد علی الکندی کی نماز جنازہ الہدیٰ مسجد میں ادا کی گئی، جبکہ تدفین الصور قبرستان میں کی گئی۔
فجیرہ میں ایک خاتون، ان کے بھائی اور بیٹے کی نماز جنازہ شیخ محمد بن حمد الشرقی مسجد میں جمعے کی نماز کے بعد ادا کی گئی۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت میسنا جوبین توبیلیکٹ، ان کے بھائی محمد اسماعیل توبیلیکٹ اور بیٹے محمد فایز نالاکٹ کے نام سے ہوئی۔
فجیرہ کے علاقے القریہ میں ایک میاں بیوی عبداللہ حمد محمد الحفیطی اور ان کی اہلیہ سُہیر سعید احمد الیماحی کی نماز جنازہ شہید سعید الکعبی مسجد میں ادا کی گئی، جبکہ دونوں کی تدفین القریہ قبرستان میں ہوئی۔
حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے 15 کو ضروری طبی امداد کے بعد اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی زخمیوں کا حالت کے مطابق علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں اماراتی، عمانی، بھارتی، برازیلی، پاکستانی، اردنی اور مصری شہری شامل ہیں۔
فجیرہ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں اماراتی شہری بھی شامل ہیں۔ متاثرین کی شناخت کے لیے پبلک پراسیکیوشن نے اموات کی وجوہات معلوم کرنے کی غرض سے فرانزک معائنے، ڈی این اے ٹیسٹ اور لواحقین کی جانب سے فراہم کردہ نمونوں سے تقابل کا حکم دیا تھا۔ حکام نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔







