
خلیج اردو
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام اڈیالہ جیل سے خط لکھ دیا، جس میں طبی سہولیات کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات کو غلط ثابت کرنے کے لیے ان کا زندہ رہنا ضروری ہے۔
خط میں عمران خان نے کہا کہ وہ اپنی آواز جیل کی دیواروں سے باہر پہنچانے کے لیے یہ خط لکھ رہے ہیں۔ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور 70 سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی بے مثال مہم شروع کی گئی۔
بانی پی ٹی آئی کے مطابق انہیں دو سال سے زائد عرصے سے روزانہ 22 گھنٹے تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔ نہ اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت ہے، نہ وکلا تک رسائی، کتابیں اور ٹیلی ویژن کی سہولت دستیاب ہے۔ ایک سال کے دوران صرف چار مرتبہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دی گئی جبکہ جیل حکام اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کر رہے ہیں۔ ان کے بیٹوں کو فون پر بات کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
عمران خان نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے ان کی ذہنی صحت کو متاثر کیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
خط کے مطابق سپریم کورٹ نے 18 اگست کو انہیں شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بلڈ پریشر 130 سے بڑھ کر 193 تک پہنچ چکا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کا شدید خطرہ ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ القادر اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ ان کی صحت اور بنیادی حقوق کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی رعایت کے طلبگار نہیں بلکہ صرف عدالتی احکامات پر عملدرآمد چاہتے ہیں اور بہت دیر ہونے سے پہلے انصاف کی فراہمی کے خواہاں ہیں۔







