
خلیج اردو
بحرین میں ایرانی فضائی حملوں کے بعد امریکا نے اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے مزید حملوں، پروازوں کی منسوخی اور فضائی حدود بند ہونے کے خدشات سے خبردار کردیا ہے۔ منامہ میں امریکی سفارت خانے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر ممکنہ سکیورٹی انتباہات اور سفری پابندیوں سے باخبر رہیں۔ امریکی مشن نے خطے میں موجود امریکی سرکاری حکام اور تنصیبات کے لیے بھی خصوصی سکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے، کیونکہ کشیدگی بڑھنے کی صورت میں ایرانی فورسز کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق ایران، حوثی اور ایران کی حمایت یافتہ تنظیمیں دنیا بھر میں امریکی مفادات اور امریکا سے وابستہ مقامات کو نشانہ بنا سکتی ہیں۔ ان میں امریکی کاروباری ادارے اور دیگر تنصیبات بھی شامل ہیں۔ سفارت خانے نے خبردار کیا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی فورسز ماضی میں سعودی عرب کے خلاف بھی کارروائیاں کرچکی ہیں، جن میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور سفری نظام میں شدید خلل کے واقعات پیش آئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی تیزی سے شدت اختیار کرسکتی ہے۔
امریکی حکام نے بحرین سے سفر کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہوائی اڈے جانے سے پہلے اپنی پرواز کی روانگی کی صورتحال متعلقہ ایئرلائن یا ہوائی اڈے کے فلائٹ ٹریکر سے معلوم کریں۔ شہریوں کو امریکی محکمہ خارجہ کے اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے، جس کے ذریعے انہیں تازہ سکیورٹی اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں اور ہنگامی صورتحال میں امریکی سفارت خانہ ان سے رابطہ کرسکتا ہے۔ سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ بحرین میں معمول کی قونصلر اور ویزا خدمات بدستور جاری ہیں۔
سکیورٹی ہدایات میں امریکی شہریوں کو کہا گیا ہے کہ فضائی حملے کی صورت میں شیشے کے دروازوں، کھڑکیوں اور گرے ہوئے ملبے سے دور رہیں، موبائل فون چارج رکھیں اور ہنگامی نمبرز پہلے سے محفوظ کریں۔ شہریوں کو مظاہروں اور بڑے اجتماعات سے دور رہنے، پولیس کی بھاری نفری والے علاقوں میں جانے سے گریز کرنے، مقامی میڈیا کے ذریعے صورتحال پر نظر رکھنے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امریکی مفادات سے وابستہ مقامات پر خصوصی احتیاط برتنے اور غیر ضروری توجہ سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب بحرینی فوج نے اتوار 15 نومبر کو اعلان کیا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے متعدد فضائی حملوں کو اہداف تک پہنچنے سے پہلے روک کر تباہ کردیا۔ بحرینی حکام کے مطابق ستمبر کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کو روکنے کی کارروائی کی۔ اس سے قبل ممکنہ حملوں سے متعلق دو انتباہات جاری کیے گئے تھے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے امریکی کارروائیوں کے جواب میں بحرین میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا۔ ایرانی سرکاری ٹی وی پریس ٹی وی کے مطابق پاسداران انقلاب نے بحرین کے الرفاع ہیلی کاپٹر اڈے پر امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنانے کے لیے چھ ڈرون بھیجے تھے۔ تاہم امریکی اور بحرینی حکام کی جانب سے اس مخصوص دعوے کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی گئی۔
بحرین نے انکشاف کیا کہ جمعہ 13 نومبر کو بھی ملک کو اسی نوعیت کے حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب دو ڈرونز کو بحرینی فضائی حدود میں روک لیا گیا۔ بحرینی حکام نے ان حملوں کا ذمہ دار ایران کے پاسداران انقلاب کو قرار دیا، جبکہ پاسداران انقلاب نے بھی ان کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا تھا۔







