
خلیج اردو
دبئی پولیس نے آن لائن جرائم کا نشانہ بننے والے بچوں سے پوچھ گچھ کے لیے منفرد طریقہ اختیار کرلیا، بچوں کو پولیس اسٹیشن بلانے کے بجائے فائیو اسٹار اور حتیٰ کہ سیون اسٹار ہوٹلوں میں انٹرویو کیا جائے گا تاکہ وہ خوف اور دباؤ سے آزاد ماحول میں اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کرسکیں۔
دبئی پولیس کے ہیڈ انویسٹی گیٹر احمد العلی نے ورلڈ پولیس سمٹ کے موقع پر بتایا کہ اس اقدام کا مقصد بچوں کو روایتی پولیس اسٹیشنوں میں تفتیش کے دوران پیش آنے والے ذہنی دباؤ سے بچانا اور ان کی جذباتی کیفیت کو مدنظر رکھتے ہوئے معلومات حاصل کرنا ہے۔ ان کے مطابق مشکل اور تکلیف دہ واقعات سے گزرنے والے بچوں کے ساتھ تفتیش کے دوران خصوصی برتاؤ ضروری ہے۔
احمد العلی نے بتایا کہ بچوں سے انٹرویو خصوصی تربیت یافتہ اور سرٹیفائیڈ خواتین تفتیش کار کرتی ہیں، اس دوران یونیفارم میں ملبوس پولیس اہلکار موجود نہیں ہوتا۔ خواتین تفتیش کار بچوں سے معلومات حاصل کرنے کے لیے ڈرائنگ، فرضی مناظر اور دیگر بچوں کے لیے موزوں طریقے استعمال کرتی ہیں تاکہ وہ اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات آسانی سے بیان کرسکیں۔
دبئی پولیس کے مطابق بچوں کے خلاف آن لائن جرائم سے متعلق شکایات پولیس اسٹیشنوں، ڈیجیٹل رپورٹنگ پلیٹ فارمز اور متاثرہ بچوں کی جانب سے براہ راست موصول ہوتی ہیں۔ حساس نوعیت کے ان مقدمات کو خصوصی تربیت یافتہ اہلکار انتہائی رازداری کے ساتھ دیکھتے ہیں، جبکہ قانونی کارروائی تیز بنانے کی بھی کوشش کی جاتی ہے تاکہ متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو غیر ضروری انتظار نہ کرنا پڑے۔
دبئی پولیس بچوں اور والدین کو انٹرنیٹ کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے تعلیمی اداروں کے علاوہ رہائشی علاقوں اور فضائی کمپنیوں کے ساتھ بھی آگاہی مہم چلا رہی ہے۔ احمد العلی کے مطابق ایئرلائن کمپنیوں کے تعاون سے دبئی آنے والے مسافروں تک آن لائن تحفظ اور سائبر جرائم سے بچاؤ کا پیغام پہنچایا جارہا ہے تاکہ مقامی رہائشیوں کے ساتھ بین الاقوامی مسافر بھی آگاہی حاصل کرسکیں۔
اس مقصد کے لیے دبئی پولیس نے ای کرائم ہب کے نام سے ایک تعلیمی پلیٹ فارم بھی قائم کیا ہے جہاں والدین اور بچوں کو انٹرنیٹ کے نئے خطرات اور ان سے تحفظ کے طریقوں سے آگاہ کیا جاتا ہے۔ پولیس کے خصوصی شعبے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر ہونے والی تبدیلیوں کی نگرانی کرتے ہیں، جبکہ دوسرے ممالک میں سامنے آنے والے سائبر جرائم کے رجحانات کا جائزہ لے کر مستقبل کے خطرات کی پیش گوئی اور آگاہی مواد کو اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
احمد العلی نے بتایا کہ دبئی پولیس کی ای کرائم ڈیجیٹل سروسز نے ایسے جرائم کی نشاندہی میں بھی مدد دی ہے جن کی روایتی ذرائع سے شکایات درج نہیں کرائی گئی تھیں۔ انہوں نے کورونا وبا کے دوران موصول ہونے والی ایک اطلاع کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اس معلومات کی تحقیقات کے نتیجے میں دبئی میں مبینہ فراڈ کرنے والے ایک شخص کی نشاندہی ہوئی اور مقدمہ استغاثہ کو بھیج دیا گیا۔
ان کے مطابق مشکوک سرگرمیوں کی زیادہ سے زیادہ رپورٹنگ سے پولیس کو جرائم کے رجحانات سمجھنے، ترجیحات طے کرنے اور مستقبل کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی بنانے میں مدد ملتی ہے۔







