
خلیج اردو
آبنائے ہرمز میں بھارتی عملے کو لے جانے والے پاناما کے پرچم بردار ایل پی جی ٹینکر تارا گیس پر میزائل حملے کے نتیجے میں ایک بھارتی اہلکار لاپتا ہوگیا، جبکہ عملے کے 24 ارکان کو بحفاظت بچالیا گیا۔ واقعہ پیر 16 نومبر کو پیش آیا۔
بھارت کے وزیر برائے بندرگاہیں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہیں سربانند سونووال نے بتایا کہ ٹینکر کو پہلے میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد دوبارہ حملہ کیا گیا۔ صورتحال سنگین ہونے پر جہاز کے تمام عملے کو اسے چھوڑنا پڑا، تاہم ایک بھارتی ملاح تاحال لاپتا ہے۔
بھارتی وزیر کے مطابق لاپتا اہلکار کی تلاش کے لیے جہاز کی انتظامیہ اور خطے میں امدادی کارروائیوں سے متعلق حکام کے ساتھ فوری رابطہ کیا جارہا ہے، جبکہ محفوظ کیے گئے عملے کے ارکان کی حفاظت، ضروری سہولیات اور دیگر انتظامات بھی یقینی بنائے جارہے ہیں۔
ایک ہفتے کے دوران بھارتی ملاحوں کو لے جانے والے ٹینکر پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 11 نومبر کو لائبیریا کے پرچم بردار ٹینکر ایم ٹی ڈومینیکا پراسپیرٹی کو بھی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس وقت جہاز میں 19 بھارتی ملاح سوار تھے۔
بھارتی وزیر کے مطابق گزشتہ ہفتے خام تیل کے اس ٹینکر کے تمام 22 ارکان پر مشتمل عملے کو متحدہ عرب امارات کے کوسٹ گارڈ نے بحفاظت نکال لیا تھا۔
خلیج اور آبنائے ہرمز کے اطراف حالیہ ہفتوں میں تجارتی جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ آبنائے ہرمز امریکا اور اسرائیل کے ایران کے خلاف تنازع سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی خام تیل کی ترسیل کا اہم راستہ تھی۔






