متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں 2027 کے دوران تنخواہوں میں اوسطاً 2.8 فیصد اضافے کی توقع، ملازمتوں کے مواقع کم ہونے کا امکان

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ملازمین کی تنخواہوں میں 2027 کے دوران اوسطاً 2.8 فیصد اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے، تاہم کمپنیوں کی جانب سے نئی بھرتیوں کے رجحان میں کمی آرہی ہے۔ بھرتیوں سے متعلق مشاورتی ادارے کوپر فِچ کی یو اے ای سیلری گائیڈ 2027 کے مطابق بیشتر ادارے تنخواہوں کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے یا معمولی اضافے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے لیے خلیجی خطے کے ایک ہزار 91 سے زائد اداروں کا سروے کیا گیا، جن میں 5 لاکھ سے زیادہ ملازمین کام کرتے ہیں۔ سروے میں 88 فیصد اداروں نے اگلے سال تنخواہوں میں اضافہ یا موجودہ تنخواہی حدود برقرار رکھنے کی توقع ظاہر کی، جبکہ 77 فیصد اداروں کا کہنا ہے کہ وہ تنخواہیں برقرار رکھیں گے یا ان میں ایک سے 5 فیصد تک اضافہ کریں گے۔

کوپر فچ کے بانی اور چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ٹریفر مرفی نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات میں تنخواہوں کا حقیقی اضافہ 2.8 فیصد سے زیادہ اور ممکنہ طور پر 4 فیصد کے قریب ہوسکتا ہے۔ سروے کے مطابق 46 فیصد ادارے 2027 میں تنخواہوں میں اضافے کا منصوبہ رکھتے ہیں، جو 2026 میں 43 فیصد تھا۔ 42 فیصد اداروں نے تنخواہوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے جبکہ 12 فیصد نے کمی کا امکان ظاہر کیا۔

عہدے کے لحاظ سے تنخواہوں میں اضافے کی توقعات مختلف ہیں۔ 68 فیصد چیف ایگزیکٹوز اور بورڈ ممبران نے اضافے کی توقع ظاہر کی، جبکہ ڈائریکٹرز میں یہ شرح 49 فیصد، درمیانی سطح کے مینیجرز میں 36 فیصد اور عام ملازمین میں 19 فیصد رہی۔ اعلیٰ عہدوں پر موجود 21 فیصد افراد نے تنخواہوں میں 10 فیصد یا اس سے زیادہ اضافے کی توقع ظاہر کی، جبکہ تمام اداروں میں یہ شرح صرف 3 فیصد ہے۔

شعبوں کے لحاظ سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سب سے زیادہ 63 فیصد اداروں نے تنخواہوں میں اضافے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ٹیلی کمیونیکیشن میں یہ شرح 60 فیصد جبکہ ہیوی انڈسٹری اور مینوفیکچرنگ میں 59 فیصد ہے۔ بینکاری، مالیاتی خدمات اور انشورنس کے شعبے میں 54 فیصد جبکہ ریٹیل، ای کامرس اور لگژری مصنوعات کے شعبے میں 53 فیصد ادارے تنخواہیں بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس کے برعکس سرکاری شعبے کے 70 فیصد اداروں نے تنخواہوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کی توقع ظاہر کی۔

ملازمتوں کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے بھی محتاط رجحان سامنے آیا ہے۔ سروے کے مطابق 2027 میں صرف 42 فیصد ادارے اپنے ملازمین کی تعداد بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو گزشتہ سال کے سروے میں 48 فیصد تھا۔ 32 فیصد اداروں نے ملازمین کی تعداد برقرار رکھنے جبکہ 26 فیصد نے کمی کا امکان ظاہر کیا۔ مجموعی طور پر ملازمین کی تعداد میں اوسطاً 0.9 فیصد اضافے کی توقع ہے۔

ملازمین کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے رئیل اسٹیٹ، تعمیرات اور آرکیٹیکچر کا شعبہ سرفہرست ہے، جہاں 67 فیصد اداروں نے نئی بھرتیوں کا منصوبہ بنایا ہے۔ ریٹیل، ای کامرس اور لگژری مصنوعات کے شعبے میں یہ شرح 60 فیصد جبکہ بینکاری اور مالیاتی خدمات میں 54 فیصد ہے۔ اس کے برعکس ٹیلی کمیونیکیشن میں صرف 10 فیصد اور صحت، فارماسیوٹیکل اور بائیوٹیکنالوجی کے شعبے میں 8 فیصد اداروں نے ملازمین کی تعداد بڑھانے کی توقع ظاہر کی۔

رپورٹ کے مطابق 64 فیصد اداروں کا خیال ہے کہ متحدہ عرب امارات کی مقامی مارکیٹ میں 2027 کی بھرتیوں کے لیے مطلوبہ افرادی قوت دستیاب ہے، جبکہ 25 فیصد نے ہنرمند افراد کی کمی کی نشاندہی کی۔ ایوی ایشن، دفاع اور ایرو اسپیس کے شعبے میں 60 فیصد اداروں نے مطلوبہ مہارت رکھنے والے افراد کی کمی ظاہر کی، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مہمان نوازی کے شعبوں میں یہ شرح 40 فیصد رہی۔

بھرتیوں میں سب سے بڑا چیلنج سیلز اور بزنس ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں مطلوبہ افراد کی دستیابی ہے، جس کی نشاندہی 20 فیصد اداروں نے کی۔ ٹیکنیکل اور انجینئرنگ کے شعبوں میں 15 فیصد جبکہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کی مہارتوں کے حوالے سے 10 فیصد اداروں نے مشکلات ظاہر کیں۔

ڈاکٹر ٹریفر مرفی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لیے بیرون ملک سے آنے والے پیشہ ور افراد کی دلچسپی بڑھ رہی ہے اور درخواستوں کی تعداد غیر معمولی سطح تک پہنچ چکی ہے۔ 2027 میں مصنوعی ذہانت، مالیاتی خدمات اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں خصوصی مہارت رکھنے والے افراد کی طلب برقرار رہنے کی توقع ہے۔ مصنوعی ذہانت سے متعلق مشاورت، خزانہ اور پیچیدہ مالیاتی مصنوعات کے ماہرین کی بھی خاصی مانگ ہے۔

رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت اور خودکار نظام ملازمین کی کارکردگی جانچنے کے طریقوں کو بھی تبدیل کررہے ہیں۔ 29 فیصد اداروں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت یا آٹومیشن پہلے ہی ان کے کارکردگی جانچنے کے نظام کو متاثر کرچکی ہے، جبکہ مزید 31 فیصد ادارے اس حوالے سے تبدیلیوں پر غور کررہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button