پاکستانی قونصلیٹ کی درخواست کے باوجود دبئی امیگریشن کی جانب سے دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے تمام پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نامکمل دستاویزات کی وجہ سے دبئی ائیرپورٹ پر پھنس جانے والے پاکستانیوں کی تعداد 354 ہوگئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 50 مزید پاکستانی دبئی ائیرپورٹ پہنچے، جنہیں دبئی داخل ہونے کی اجازت نہیں ملی۔
ان مسافروں کے پاس بھی ضروری دستاویزات موجود نہیں ہیں۔ اس تمام صورتحال میں دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ کے حکام کی جانب سے ان پاکستانیوں کو دبئی داخل ہونے اور ڈی پورٹ نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی، تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ دبئی ایمیگریشن ان سب پاکستانیوں کس ڈی پورٹ کر رہی ہے۔
آج رات یا کل دبئی ائیرپورٹ پر پھنسے تمام پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔
پاکستانی قونصلیٹ کے حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ ائیرپورٹ پر پھنسے 350 سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل جاری ایک بیان میں پاکستان قونصلیٹ دبئی کے حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ وزٹ اور ٹورسٹ ویزہ پر آنے والے 300 سے زائد پاکستانی جو کے پی آئی اے اور فلائی دبئی ائیر لائن کے ذریعے پاکستان کے مختلف شہروں سے کل رات اور آج صبح دبئی ائیر پورٹ پہنچے، تو قانون کے مطابق ان کے پاس دوہزار درہم کیش، ہوٹل کی بکنگ، کسی رشتہ دار یا جاننے والے کا اڈریس یا ریٹرن ٹکٹ موجود نہ ہونے کی وجہ سے دبئی امیگریشن حکام کی طرف سے ان کو دبئی داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
بتایا گیا کہ یہ مسافر ابھی تک ائیر پورٹ پر پھنسے ہیں۔ دبئی ائیرپورٹ اس وقت پھنس جانے والے پاکستانی مسافروں سے بھرا ہوا ہے۔ اس حوالے سے دبئی میں تعینات پاکستان قونصل جنرل احمد امجد علی کو اطلاح ملتے ہی وہ فوراً اپنی ٹیم کے ہمراہ دبئی ائیر پورٹ پہنچے اور دبئی امیگریشن حکام اور حکومت دبئی سے بات چیت کی اور جلد اس مسلئے کو حل کرنے کی درخواست کی۔
پاکستان قونصلیٹ دبئی ٹیم نے وہاں پھنسے پاکستانیوں کو کھانا مہیا کیا۔ بتایا گیا کہ امیگریشن سسٹم میں پاکستانی مسافروں کی کلیئرنس نہیں ہورہی، سفارتخانہ کی پوری کوشش ہے کہ ان مسافروں کو ڈی پورٹ نہ کیا جائے۔ تاہم اب اطلاعات ہیں کہ دبئی امیگریشن حکام نے اس حوالے سے کوئی نرمی نہ برتنے کا فیصلہ کرتے ہوئے 300 سے زائد پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
Source : Khaleej Times






