
خلیج اردو – العربیہ نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات دنیا میں امن وامان کی صورت حال کے حوالے سے کیے گئے نئے گیلپ پول میں دنیا کے دس محفوظ ترین ممالک میں شامل قرار پائے ہیں۔
متحدہ عرب امارات ، آسٹریا ، ناروے ، سوئٹزرلینڈ اور ازبکستان اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان ممالک کی 92 فی صد آبادی نے خود کو محفوظ قرار دیا ہے۔ سعودی عرب دو اور اسلامی ممالک مصر اورانڈونیشیا کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ان تینوں ملکوں کے 89 فی صد شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں۔امریکا کے 85 فی صد اور برطانیہ کے 83 فی صد شہریوں نے اپنے اپنے ملک میں خود کو محفوظ قرار دیا ہے
یو اے ای اور ناروے میں رات کے وقت تنہا محفوظ پیدل چلنے کے اشاریے میں تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔ان ممالک کے 92 فی صد شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ رات کے وقت تنہا چہل قدمی کے دوران میں خود کو محفوظ خیال کرتے ہیں۔بہ الفاظ دیگر ان کا کہنا ہے کہ انھیں کوئی ڈر،خوف نہیں ہوتا ہے۔اس اشاریے میں کویت چوتھے اور سعودی عرب پانچویں نمبر پر ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق اس اشاریے کی درجہ بندی میں جنوبی افریقا ، وینزویلا ، گیبون اور افغانستان سب سے آخر میں ہیں۔وینزویلا کے صرف 29 فی صد اور افغانستان کے 12 فی صد شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ رات کے وقت اپنے اقامتی علاقوں میں پیدل چلتے ہوئے خودکو محفوظ تصور کرتے ہیں۔
اس سروے میں دنیا کے 144 ممالک اور علاقوں کے قریباً ایک لاکھ 75 ہزار بالغ افراد سے انٹرویوز کیے گئے تھے۔2019ء میں کیے گئے اس سروے میں ہر ملک سے تعلق رکھنے والے قریباً ایک ہزار بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا۔







