خلیج اردو آن لائن:
سماجی رابطوں کی موبائل ایپ واٹس ایپ کی جانب سے حال ہی میں واٹس ایپ کے استعمال کے لیے اپنی پرائیویسی پالیسی کے تبدیل کیے جانے کے بعد متحدہ عرب امارات میں متعدد افراد واٹس ایپ کا متبادل تلاش کر رہے ہیں۔
واٹس ایپ کیجانب سے ماہ کے آغاز میں اپنے اربوں صارفین کو ایک نوٹیفکیشن بھیجا گیا تھا جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ وہ 8 فروری تک واٹس ایپ کی نئی پالیسی کو قبول کر لیں بصورت دیگر انکا اکاؤنٹ بند کر دیا جائے گا۔
واٹس ایپ کی نئی پالیسی میں صارفین کی ذاتی معلومات تک زیادہ سے زیادہ رسائی مانگی گئی ہے۔
جس کے بعد متعدد صارفین واٹس ایپ کی اس پالیسی کی وجہ سے ناخوش دیکھائی دیے ہیں اور واٹس ایپ کی متبادل ایپ استعمال کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
ذٰیل میں آپ کے لیے وہ 4 ایپ لے کر آئے ہیں جو آپ متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ کے متبادل کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں:
1۔ ٹیلی گرام میسنجر
واٹس ایپ کے مقابلے میں سب اچھا متبادل ٹیلی گرام میسنجر ہے۔ یہ اوپن سورس میسجنگ ایپ ہے جو واٹس ایپ کی سب سے بڑی حریف سمجھی جاتی ہے۔ میسج کرنے کے فیچر کے علاوہ ٹیلی گرام میں 1 لاکھ سے زائد لوگوں پر مشتمل گروپ بنانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اور ایک 1 اشاریہ 5 جی بی تک کی فائل ٹیلی گرام کے ذریعے بھیجی جا سکتی ہے۔ جبکہ واٹس ایپ میں صرف 16 ایم بی کی فائل بھیجنے کی سہولت موجود ہے۔
اس کے علاوہ ٹیلی گرام پاس کوڈ لاک لگانے اور چیٹ کو خفیہ رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہے، جس میں آپ کے میسج آپ کے اور جس شخص کو بھیجے گئے ہیں انکے علاوہ کوئی (تھرڈ پارٹی) نہیں پڑھ سکتا۔
اس کے علاوہ ٹیلی گرام میں مختلف گیمیں کھیلنے کی آپشن موجود ہے اوراس کو آپ مختلف پلیٹ فارمز پر بیک وقت استعمال کر سکتے ہیں۔
2۔ سگنل پرائیویٹ میسنجر
سگنل پرائیویٹ میسنجر واٹس ایپ کے مقابلے میں دوسری بڑی ایپ ہے جو واٹس ایپ سے بہتر پرائیویسی پالیسی رکھتی ہے۔ سگنل میں میسجز خفیہ رکھے جاتے ہیں۔ اور اس میں آپ کو اپنے میسج ڈیلیٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
پیغامات کو خفیہ رکھنے کی ٹیکنالوجی سگنل فاؤنڈیشن ہی واٹس ایپ اور فیس بک کو فراہم کرتی ہے۔
مزید برآں، سگنل ایپ آپ کو سکرین سیکیورٹی بھی فراہم کرتی ہے۔ جس کی وجہ سے کوئی دوسرا آپ کے میسجز کے اسکرین شاٹ نہیں لے سکتا۔
یہ ایپ انڈرائڈ اور آئی او ایس پر استعمال کی جا سکتی ہے۔
3۔ وائبر
سماجی رابطے کی ایک اور ایپ وائبر ہے جس کے فیچر اور پرائیویسی پالیسی کم و بیش واٹس ایپ جیسی ہی ہے۔ اس ایپ میں بھی آپ کی کالز، میسجز اور میڈیا کو خفیہ رکھا جاتا ہے۔
مختلف ڈیوائسز کو استعمال کرتے ہوئے وائبر کے ذریعے بھیجے گئے میسج بھی خفیہ رکھے جاتے ہیں اور یہ سہولت واٹس ایپ میں موجود نہیں ہے۔
اس کے علاوہ وائبر آپ کو اسٹٰیکر بھیجنے، فائلز شیئر کرنے، لاسٹ سین، آڈیو اور ویڈیو پیغامات بھیجنے کے فیچر فراہم کرتی ہے اور اس ایپ میں گیمز کھیلنے کی آپشن بھی موجود ہے۔
اس ایپ کو انڈرائڈ، آئی او ایس، ونڈوز فون، اور ونڈوز پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
4۔ وی چیٹ
وی چیٹ ایپ واٹس ایپ کی چوتھی بڑی حریف سمجھی جانے والی ایپ ہے۔ وی چیٹ چین میں استعمال ہونے والی میسجنگ ایپ ہے۔ جس کے لیے رجسٹرکرنے کا طریقہ کار واٹس ایپ پر رجسٹر کرنے جیسا ہے۔
وی چیٹ پر رجسٹر کرنے کے بعد آپ فیس بک یا ایمیل کے ساتھ منسلک کرنے کے بعد دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کے جاننے والوں میں سے کون کون وی چیٹ استعمال کر رہا ہے۔
یہ ایپ آئی او ایس، انڈرائڈ، اور ونڈوز فون پر استعمال کی جا سکتی ہے۔
Source: Khaleej Times







