خلیج اردو آن لائن:
متحدہ عرب امارات کی نیشنل کرائسز اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے یو اے ای میں سامنے آنے والے کورونا کے یومیہ کیسز میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ "یہ ایک مثبت اشارہ ہے اور معمول کی زندگی کی بحالی کی طرف پہلا قدم ہے”۔
فیلڈ ہسپتال:
پریس بریفنگ کے دوران این سی ای ایم کی جانب سے بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات 2 ہزار بستروں پر مشتمل 7 کووڈ فیلڈ ہسپتال اس مہینے کھولنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ان ہسپتالوں میں کل 2 ہزار 58 بستر ہوں گے اور ان میں 292 بستر شدید بیمار مریضوں کے لیے مخصوص ہوں گے۔
ویکسین مہم:
اب تک کورونا کی 6 ملین خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔ جس کا مطلب ہے 3 اشاریہ 7 ملین رہائشیوں کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ جس کامزید مطلب ہے کہ جن افراد کو ویکسین لگائی جانی ہے کہ انکی 48 اشاریہ 71 فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ جبکہ 65 فیصد بوڑھےافراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں:
پریس بریفنگ کے دوران حکام کی جانب سے شکایت کی گئی ہے کہ لوگ کورونا کے خلاف بنائے گئے قواعد و ضوابط کی شدید خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فروری کے مہینے میں کورونا ایس اوپیز کی 55 ہزار 966 خلاف ورزیاں پکڑی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ان خلاف ورزیوں میں سب بڑی خلاف ورزی ماسک کا استعمال نہ کرنا تھی۔ ماسک نہ پہننے کی خلاف ورزی کی شرح 47 فیصد تھی۔ جبکہ دوسری بڑی خلاف ورزی کاروباری مراکز کی جانب سے کورونا ایس او پیز کو نافذ نہ کرنا ہے، جس کی شرح 20 اشاریہ 5 فیصد رہی۔
Source: Gulf News







