
خلیج اردو
11 مارچ 2021
دبئی : متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان قرنطینہ سے پاک کوریڈور کے قیام کیلیے باضابطہ مذاکرات شروع ہو گئے ہیں ۔
قرنطینہ فری ٹریول کوریڈور کے ذریعہ وہ مسافر سفر کر پائیں گے جنہوں نے کرونا وائرس کے انسداد کے ویکسین لیے ہوں۔ ان مسافروں کو کمرشل ، سیاحت اور پیشہ ورانہ امور کیلیے اجازت ہو گی۔
متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون اور اسرائیل کے وزیر خارجہ کے درمیان اس حوالے سے معاہدے کے شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ اس بات کا امکان ہے کہ معاہدہ اگلے مہینے اپریل میں طے پائے گا۔
دونوں اطراف کی جانب سے اس بات پر رضامندی ظاہر کی گئی ہے کہ تاریخی امن معاہدے کے بعد دونوں ممالک اضافی مواقع سے مستفید ہوں اور اس سلسلے میں قرنطینہ فری کوریڈور کو حتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ دوطرفہ معاشی ، تجارتی ، ثقافتی ، سیاحتی شعبوں سمیت دیگر حوالے سے ایک دوسرے سے استفادہ کیا جا سکے۔
دونوں ممالک کی جانب سے عالمی وباء کورونا کے خلاف ملکر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور کورونا کے بعد کی زندگی میں بحالی کیلئے ساتھ ملکر کوششیں کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کرونا کے انسداد کے حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف سے اس بات پر رضامندی اختیار کی گئی کہ داخلی اور عالمی سطح پر وباء کے جانی اور مالی نقصانات سے لوگوں کو بچایا جائے گا۔
Sound : Khaleej Times







