خلیج اردو آن لائن:
ابوظہبی کے ایک سوشل میڈیا انفلوائنسر کو 205 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر گاڑی چلانے اور اس عمل کی ویڈیو بنانے والے شخص کو سزا سنا دی گئی۔
سزا پانے والے ڈرائیور سوشل میڈیا پر ویوز حاصل کرنے کے لیے یہ اسٹنٹ کیا تھا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں دونوں افراد کو تین ماہ قید اور فی کس 1 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
اس اسٹنٹ کو کرنے میں استعمال ہونے والی کار اور فون کو ضبط اور ڈرائیور کا لائسنس 6 ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ دونوں ملزمان 6 ماہ تک سوشل میڈیا تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے۔
مزید برآں، عدالت نے ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کا حکم جاری کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو عدالتی فیس جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔
حکام نے ایک ویڈیو دیکھی تھی جس میں ایک سوشل میڈیا اسٹار اپنی لگژری گاڑی کو 205 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر ابوظہبی کی اندورنی سڑکوں پر بہت لاپرواہی سے دوڑا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کے اس عمل سے دیگر افراد کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔
ابوظہبی پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوامی سڑکوں پر گاڑیوں کی ریس لگانا نوجوانوں کی جانب سے غیر ذمہ دارنہ رویے کا اظہار ہے۔ پبلک پراسیکیوشن نے کمیونٹی ایجنسیوں سے متعلقہ حکام کے ساتھ تعاؤن کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ نوجوانوں کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف آگاہی پھیلائی جا سکے۔
پبلک پراسیکیوشن نے واضح کیا ہے کہ فیڈرل پینل کوڈ کے آرٹیکل 348 کے مطابق اگر کوئی شخص جان بوجھ کر کوئی ایسا عمل کرتا ہے جس سے دیگر افراد کی جان و مال اور سیکیورٹی کو خطرہ لاحق ہوتا ہے تو ایسے شخص کو 3 سال تک قید اور جرمانے یا دونوں سزائیں ایک ساتھ دی جا سکتی ہیں۔
Source: Khaleej Times







