
خلیج اردو
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے حکومت کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ میڈیکل بورڈ میں ڈاکٹر عظمیٰ اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی شامل کیا جائے اور آئندہ سماعت تک عدالتی فیصلے پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
تحریری فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی اپنے اہلِ خانہ سے ہفتے میں ایک بار ملاقات کرائی جائے گی، جبکہ ان کی اپنے بیٹوں سے ہفتے میں دو مرتبہ ٹیلیفون پر بات بھی کرائی جائے گی۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا مکمل طبی ریکارڈ فوری طور پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس میڈیا یا عوام کے ساتھ شیئر نہیں کی جائیں گی اور صحت سے متعلق معلومات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
تحریری حکم نامے کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال کی حدود میں کسی بھی قسم کے سیاسی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔
سپریم کورٹ نے خبردار کیا ہے کہ عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں دی گئی تمام مراعات واپس لی جا سکتی ہیں۔
جسٹس شاہد وحید کی جانب سے تحریر کیے گئے حکم نامے میں متعلقہ حکام کو فیصلے پر فوری اور مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔







