متحدہ عرب امارات

دبئی میں نئے سال 2027 کی تقریبات کے لیے سکیورٹی انتظامات شروع، پہلا اجلاس طلب

خلیج اردو
دبئی میں نئے سال 2027 کی تقریبات کو محفوظ بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایونٹس سکیورٹی کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئے سال کی تقریبات کے دوران سکیورٹی، ٹریفک اور عوام کی آمدورفت کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت دبئی پولیس کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف پروٹیکٹو سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی کے ڈائریکٹر اور ایونٹس سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین بریگیڈیئر عبید مبارک الکتبی نے اعمار کے ہیڈکوارٹرز میں کی۔

اجلاس میں دبئی پولیس، سول ڈیفنس، ٹریفک حکام، دیگر سرکاری اداروں اور تقریب کی منتظم کمیٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اعمار کی منتظم کمیٹی نے شرکا کو تقریبات کے مقامات، مجوزہ سرگرمیوں اور عوام کی آمدورفت، داخلے اور اخراج کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔

بریگیڈیئر عبید مبارک الکتبی نے کہا کہ ہر سال نئے سال کی تقریبات میں لوگوں کی شرکت اور عالمی میڈیا کی توجہ میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ برج خلیفہ ان تقریبات کا مرکزی مقام ہوتا ہے، جہاں بڑی تعداد میں شہری اور سیاح آتش بازی اور روشنیوں کے شاندار مظاہرے دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر تقریبات کو محفوظ اور پیشہ ورانہ انداز میں منعقد کرنا ایک اہم چیلنج ہے۔ اس مقصد کے لیے گزشتہ برسوں کے سکیورٹی منصوبوں کا جائزہ لے کر انہیں موجودہ صورتحال اور تقریبات کے بڑھتے ہوئے حجم کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button