
خلیج اردو
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کاروباری شعبے میں دبئی اِٹ ایوارڈ مالیاتی کمپنی زینا کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے ہزاروں کاروباری اداروں کے لیے موبائل ادائیگیوں کو ممکن بنایا ہے، جن کے ذریعے مجموعی لین دین ڈیڑھ ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔
شیخ حمدان کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قائم مالیاتی پلیٹ فارم زینا اس وقت پانچ لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جبکہ 2 لاکھ 90 ہزار کاروباری افراد، چھوٹے کاروباروں اور گھریلو سطح پر کام کرنے والے منصوبوں کو ادائیگیوں کی سہولت دے رہا ہے۔
کمپنی کے نوجوان عرب بانیوں فیصل توقان، سارہ اور طلال نے اس پلیٹ فارم کا نام اپنی والدہ کے نام پر رکھا ہے۔ شیخ حمدان نے زینا کی کامیابی کو کاروباری دنیا میں محنت، بلند عزائم اور مثبت اثرات کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دبئی کی اصل پہچان ہے، جہاں لوگ ابتدا سے کاروبار تعمیر کرتے، اسے وسعت دیتے اور معاشرے پر اثرات مرتب کرتے ہیں۔
زینا متحدہ عرب امارات کی پہلی پیئر ٹو پیئر ادائیگی ایپ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، جس کے ذریعے صارفین بینک اکاؤنٹ کے آئی بین نمبر کے بغیر صرف موبائل فون نمبر استعمال کرکے رقم بھیج اور وصول کر سکتے ہیں۔ کمپنی کو متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک سے لائسنس حاصل ہے۔
یہ ایپ ذاتی اور کاروباری دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ صارفین اس کے ذریعے گھر کے راشن کے بل تقسیم کرنے کے ساتھ اپنے کاروبار اور اسٹارٹ اپس کی ادائیگیاں بھی انجام دے سکتے ہیں۔ ایپ پر اکاؤنٹ بنانے کے لیے اماراتی شناختی کارڈ ضروری ہے، تاہم کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق استعمال کے لیے صارف کا جسمانی طور پر متحدہ عرب امارات میں موجود ہونا لازمی نہیں۔







