
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں غیر مستحکم موسمی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، جس کے باعث وادیوں میں طغیانی، اچانک سیلاب اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوسکتا ہے۔
وزارت داخلہ نے شہریوں کو وادیوں، سیلابی گزرگاہوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکام نے ہدایت کی ہے کہ ایسے علاقوں کو عبور کرنے کی کوشش نہ کریں، ڈرائیونگ کے دوران رفتار کم رکھیں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق ہفتے 31 اکتوبر کو ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے۔ موسم مجموعی طور پر صاف سے جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ مشرقی اور شمالی علاقوں میں گرج چمک والے بادل بننے اور بارش ہوسکتی ہے۔
موسمیاتی مرکز کے مطابق بعض ساحلی اور اندرونی علاقوں میں رات اور اتوار کی صبح موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ ملک بھر میں موسم گرم رہے گا اور بعض علاقوں میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ابوظبی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری جبکہ کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ دبئی میں بھی درجہ حرارت 35 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔







