
خلیج اردو آن لائن:
دبئی پولیس نے نائف کے علاقے میں ایک موبائل فون کی دکان میں نقب لگانے اور پھر 100 موبائل فون چوری کرنے والے ایشیائی باشندے کو گرفتار کر لیا۔
دکان کی مالک کی جانب سے نائف تھانے میں شکایت درج کروائی گئی تھی۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ اس کی دکان میں چوری کی واردات ہوئی ہے اور 100 موبائل فون غائب ہیں۔
چوری کی اطلاع ملتے ہی دبئی پولیس کے سی آئی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی ایک ٹیم تشکیل دے دی۔ سی آئی ڈٰی کی ٹیم نے دکان میں موجود دیگر موبائل فونز پر سے مبینہ چور کی انگلیوں کے نشانات اکٹھے کیے اور علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز کا جائز لینے کے بعد چور کی شناخت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
چور کی شناخت ہونے کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔ چور کے قبضے سے چوری شدہ موبائل فون اور کچھ نقدی بھی برآمد کر لی گئی۔
گرفتاری کے بعد ملزم نے اعتراف جرم کر لیا، جس کے بعد اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔
نائف پولیس تھانے کے ایک عہدیدار کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے 24 گھنٹے گشت اور سونگھنے والے کتوں کے استعمال کی وجہ سے اس سال کی پہلی سہ ماہی میں چوریوں میں 75 فیصد کمی آئی ہے۔
Source: Khaleej Times







