خلیج اردو آن لائن:
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت کی جانب سے منگل کے روز یو اے ای بھر میں کورونا کے 2184 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔
جبکہ وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2105 ریکارڈ کی گئی ہے اور وائرس سے 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
نئے کیسز 2 لاکھ 81 ہزار 43 نئے کورونا ٹیسٹوں کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔
کورونا وبا کے آغاز سے اب تک یو اے ای میں کورونا کے 6 لاکھ 31 ہزار 160 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 6 لاکھ 9 ہزار 711 افراد کورونا وائرس کی بیماری لاحق ہونے کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ وائرس سے اب تک 1807 افراد جانبحق ہو چکے ہیں۔
یاد رہےکہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت کورونا کے 19 ہزار 642 فعال کیسز ہیں۔
ابوظہبی حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے والے رہائشیوں کو عوامی مقامات تک رسائی کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایمرجنسی اینڈ کرائسز ٹیم کا کہنا ہے کہ اس فیصلے اطلاق 20 اگست 2021 سے ہوگا۔ جبکہ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسن لگوانے کے اہل افراد کی 93 فیصد آبادی کو ویکسین لگائے جانے کے بعد یہ فیصلہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام شاپنگ مالز، کیفے ٹیریاز، ہیلتھ سنٹروں، فٹنس سنٹروں، تعلیمی اداروں اور لیبارٹریوں تک صرف مکمل طور پر ویکسین لگوا لینے والے رہائشیوں کو رسائی کی اجازت ہوگی۔
جبکہ ضروریات زندگی فروخت کرنے والے مراکز، جیسا کہ فارمیسیوں اور سپر مارکیٹوں تک تمام رہائشیوں کو رسائی کی اجازت ہوگی۔ تاہم، اس فیصلے کا اطلاق ایسے بالغوں اور بچوں پر نہیں ہوگا جنہیں ویکسی نیشن کے عمل سے چھوٹ دی گئی ہے۔
Source: Khaleej Times







