
خیلج اردو 11 نومبر 2021
دبئی:گزشتہ سوموار کو ہندوستان کی وزارت داخلہ میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں مشرق وسطیٰ کے ممالک بالخصوص متحدہ عرب امارات جانے والے مکمل ویکسین شدہ مسافروں کیلئے لازمی پی سی آر ٹیسٹ کی شرط کو ختم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایک سینئر اہلکار نے میٹنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالےسے وزارت خارجہ کو متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی درخواست کی گئی ہے۔
بھارتی قوانین کے مطابق مسافروں کو کسی بھی ہندوستانی ہوائی اڈے سے روانگی سے چھ گھنٹے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانا پڑتا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے ہندوستان، پاکستان، نیپال، سری لنکا، نائجیریا اور یوگنڈا کے مسافروں کے لیے یہ ٹیسٹ لازمی قرار دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے والے مسافروں کے مطابق لازمی پی سی آر ٹیسٹ نے سفر کو مزید طویل کر دیا ہے۔ائیرپورٹ پر سیمپل دینا اور رزلٹ کا انتظار کرنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ اگر متحدہ عرب امارات کی حکومت ویکسین شدہ افراد کیلئے ٹیسٹ کی شرط ختم کردے تو ان کیلئے کافی آسانی ہوگی۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے مکمل طور پر ٹیکے لگوانے والے ہندوستانی مسافروں کی آمد پر 10 دن کا لازمی قرنطینہ پہلے ہی ختم کر دیا ہے۔







